واٹر کمشن کا کراچی واٹر بورڈ کو پانی کا مسئلہ فوری حل کرنے کا حکم
کراچی (وقائع نگار) سندھ واٹر کمیشن نے شہر میں کچرا اٹھانے والی چینی کمپنی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کو چینی کمپنی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ سندھ ہائی کورٹ میں واٹر کمیشن کی کارروائی ہوئی‘ ایم ڈی واٹر بورڈ اور دیگر پیش ہوئے۔ ایم ڈی سالڈ ویسٹ بورڈ طحہٰ فاروقی نے بتایا کہ ضلع شرقی اور جنوبی میں چینی کمپنی 400 ملازمین کی تقرری کررہی ہے۔ کمشن کے سربراہ جسٹس(ر)امیر ہانی مسلم نے کہاکہ ان کے پیسے کاٹیں‘ تماشہ بنایا ہوا ہے‘ یہ کمپنی ڈور ٹو ڈور کچرا اٹھانے کے پابند ہیں‘ سامنے آ کر چینی زبان بولتے ہیں تاکہ ہم سمجھ نہ سکیں‘ ایسا نہیں چلے گا۔کمشن کے سربراہ جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم نے ایم ڈی واٹر بورڈ سے کہاکہ اگر لوگوں کو پانی نہیں دے سکتے تو نظام ٹھیکے پر دیدیں‘ حکومت کو پیسہ بھی ملے گا آپ کو تنخواہ بھی وقت پر ملے گی۔