عالمی سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے سیاسی جماعتوں ، اداروں کو متحد ہوکر چلنا ہوگا: حمزہ شہباز
لاہور، قصور، کھڈیاں (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے مرکز رہنما و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے اس وقت پاکستان کو عالمی سازشوں کا سامنا ہے اور موجودہ حالات کا تقاضا ہے موجودہ صورتحال کا سامنا کرنے کے لئے تمام سیاسی جماعتیں اور قومی ادارے متحد ہو کر آگے چلیں اور 2018ء میں بروقت عام انتخابات کے ذریعے عوامی مینڈیٹ کا فیصلہ ہو۔ کھڈیاں قصور میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا عمران خان تین بار لاہور کا دورہ منسوخ کرنے کے بعد چوتھی مرتبہ بھی لاہور شہر میں نہیں جا سکے۔ عمران خان ہی 11 نکات کے پی کے یا پشاور میں پیش کرتے انہیں اپنے گریبان میں جھانکنا پڑتا۔ انہوں نے کہا 300 ڈیم، ایک ارب درخت اور ہسپتالوں کا جال بچھانے کے عمران خان کے دعوے کہاں گئے؟ حمزہ شہباز نے اپنے پرجوش خطاب میں کہا مودی سن لے کشمیر میں معصوم شہریوں کے خون کا بدلہ ان سے لیں گے۔ 22 کروڑ پاکستانی سر کٹانا جانتے ہیں جھکانا نہیں۔ انہوں نے کہا 2013ء کے مقابلے میں آج کا پاکستان کہیں ترقی یافتہ ہے اور عوامی مقبولیت کا فیصلہ انتخابات میں ووٹرز نے کرنا ہے اور انشاء اللہ عوامی فیصلہ ترقی اور خوشحالی کے حق میں ہی ہو گا۔ انہوں نے کہا الزامات لگانے، دھرنے دینے اور گالیاں دینے والوں کو آخری دنوں میں اسی میٹرو بس بنانے کا خیال آگیا جسے وہ پنجاب میں جنگلہ بس قرار دیتے رہے۔ حمزہ شہباز کا پرجوش خیرمقدم کیا گیا مسلم لیگ کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور آتش بازی کا زبردست مظاہرہ کیا گیا۔ نمائندہ نوائے وقت/ نامہ نگار کے مطابق اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات تھے اور جلسہ گاہ میں پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔ حمزہ شہباز شریف نے مخالفین کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا 2018 کے الیکشن میں بھی مسلم لیگ (ن) کامیاب ہو گی اور خیبر پی کے میں بھی حکومت بنائے گی۔ عمران خان کی سیاست کو قوم نے مسترد کر دیا عمران خان تھانے کی ایک رات برداشت نہیں کر سکتے۔ عمران خان نے خیبر پی کے میں تین سو ڈیم بنانے کا وعدہ کیا اور ایک ڈیم بھی نہیں بنا۔ حلقہ کے ایم این اے اور دیگر قیادت رو پوش ہے اور جلسہ گاہ میں موجود نہیں تھی۔