• news

سانحہ 12مئی کیس: میئر کراچی سمیت دیگر افراد پر فرد جرم عائد ، ملزموں کا الزامات ماننے سے انکار

کراچی(آئی این پی ) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ 12 مئی کے کیس میں میئر کراچی وسیم اختر سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کر تے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کرتے ہوئے سماعت 23 جون تک ملتوی کردی ۔ منگل کو کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں سانحہ 12 مئی کے کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں میئر کراچی وسیم اختر اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔انسداد دہشت گردی عدالت نے کیس میں میئر کراچی وسیم اختر سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی جب کہ ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔وکلا کی عدم حاضری کے باعث ملزمان پر دیگر تین مقدمات میں فرد جرم عائد نہیں کی جاسکی تاہم عدالت نے سانحہ 12 مئی کے کیس میں آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کرتے ہوئے سماعت 23 جون تک ملتوی کردی۔میئر کراچی وسیم اختر نے کہا میئر بننے کے بعد مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔سانحہ 12 مئی کی از سر نو تحقیقات ہونی چاہئیں۔ معصوم لوگ بلاوجہ مقدمات بھگت رہے ہیں۔ اگر اسی طرح معاملات چلے تو لوگ بدظن ہو جائیں گے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر وسیم اختر نے کہا کہ سانحہ 12 مئی کی ازسر نو تحقیقات ہونی چاہیے، سانحہ کے اصل حقائق اور چہرے عوام کے سامنے آنے چاہئیں۔

ای پیپر-دی نیشن