• news

نواز شریف پر منی لانڈرنگ کا الزام ، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے چیئرمین نیب کو آج طلب کرلیا ، پی پی ارکان مستعفی

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی قانون و انصاف نے نیب کے نوازشریف پر 4.9 ارب ڈالر کی بھارت منی لانڈرنگ کے الزام پر چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو آج طلب کر لیا۔ قائمہ کمیٹی نے ہدایت کی کہ چیئرمین نیب ذاتی حیثیت میں پیش ہوکر معاملے پر بریف کریں۔ چیئرمین نیب اپنے ساتھ متعلقہ افسروں کو بھی لیکر آئیں۔ قائمہ کمیٹی نے رکن قومی اسمبلی رانا محمد حیات کے نکتہ اعتراض کا نوٹس لیا۔ قائمہ کمیٹی قانون و انصاف کا اجلاس چیئرمین چودھری محمد اشرف کی صدارت میں ہو گا۔ دوسری جانب چیئرمین نیب کو قائمہ کمیٹی قانون و انصاف میں بلانے کے معاملہ پر پی پی کے کمیٹی میں شامل ارکان نے استعفے دیدیئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پی پی کے کمیٹی ارکان نوید قمر اور شگفتہ جمانی نے استعفے چیئرمین کمیٹی کو بھجوا دیئے ہیں۔ نوید قمر اور شگفتہ جمانی نے استعفوں میں موقف اختیار کیا کہ چیئرمین نیب کو اس طرح طلب کرنا نیب کے کام میں مداخلت ہے۔ پارلیمنٹ اداروں کو کمزور نہیں مضبوط کرتی ہے۔ اس اقدام سے نیب کمزور ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن