باکسرعامر خان اہلیہ فریال مخدوم کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے
لاہور(سپور ٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان اہلیہ فریال مخدوم کیساتھ لاہور پہنچ گئے۔ انہوں نے باکسنگ چیمپئن شپ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔عامر خان نے لاہور آمد سے قبل دوران پرواز اپنی اور اہلیہ کی جہاز میں لی گئی تصویر ٹوئٹ کرتے ہوئے لاہور آمد کی اطلاع دی۔ عامر خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ میں دنیا کی بہترین ٹیموں میں ایک ہے باکسنگ میں بھی پاکستان آگے آئیگا، ستمبر میں اگلی فائٹ لڑ کر عالمی چیمپئن بنوں گا۔ پاکستان میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے، بہت جلد باکسنگ میں آگے جائیگا، میری اکیڈمی کے دروازے تمام لوگوں کیلیے کھلے ہیں، خواہش ہے کہ پاکستانی باکسر ورلڈ اور اولمپک چیمپئن بنے اس کیلئے پاکستان میں ہر جگہ باکسنگ رنگ بنانا ہوگا، پاکستان باکسنگ فیڈریشن سے ملاقات ہوئی ہے باکسنگ کے مسائل جلد حل کریں گے، سپورٹس بورڈ سے بھی بات ہوئی ہے پورے پنجاب میں رنگ بنائے جائیں گے، ہر ڈسٹرکٹ میں رنگ ہوگا تو فائدہ ہوگا کیوبا میں ہر کونے میں باکسنگ رنگ موجودہیں۔