• news

امام الحق ، بابر اعظم کی نصف سنچریاں ، پاکستان نے آئر لینڈ کو تاریخی ٹیسٹ میں شکست دیدی

لاہور (نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر)پاکستان نے آئرلینڈ کے تاریخی ٹیسٹ میچ میں5وکٹوں سے شکست دے کر ایک میچ پر مشتمل سیرز بھی جتی لی ۔اپنی ٹیسٹ تاریخ کے پہلے ٹیسٹ میچ کے آخری روز میزبان ٹیم 339رنز بناکر پویلین لوٹ گئی اور گرین شرٹس کو فتح کیلئے 160رنز کا ہدف دیا ۔پاکستان نے ہدف تین وکٹوں کے نقصان پرپورا کرلیا ۔ گرین شرٹس کا آغا ز تباہ کن ثابت ہو ا جب صرف دو کے مجموعی سکور پر اظہر علی ایک بار ناکام رہے اوردو رنز بناکر مرتاغ کی گیند پر پال سٹرلنگ کو کیچ تھماکر پویلین لوٹ گئے ۔قومی ٹیم ابھی اس نقصان سے سنبھل نہ پائی کہ تیرہ کے مجموعی سکور پر ون ڈائون حارث سہیل بھی سات رنز بناکر چلتے بنے ۔ انہیں رینکن کی گیند پر ایڈجوائس نے کیچ آئوٹ کیا ۔ پہلی اننگز میں نصف سنچری بنانے والے اسد شفیق بھی پانچ گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے اور صرف ایک رنز بناکر چودہ کے مجموعی سکور پر مرتاغ کی گیند پر بولڈ ہو گئے ۔ تین وکٹیں جلد گرنے کے بعد قومی ٹیم دبائو میں آگئی تاہم مشکل صورتحال میں بابر اعظم اورپہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے امام الحق نے آئرش بائولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ان کی ایک نہ چلنے دی ۔بابر اور امام نے 126رنز کی پارٹنر شپ بناکر ٹیم کو جیت کے قریب کر دیا ۔ بابر اعظم 140کے مجموعی سکور پر 59رنز بناکر رن آئوٹ ہوگئے ۔ اس کے بعد کپتان سرفراز احمد کو میدان میں آناپڑا ۔ کپتان 152کے مجموعی سکور پر 8رنز بناکر ہمت ہار گئے ۔انہیں تھامپسن نے ایل بی ڈبلیو آئوٹ کیا ۔ امام الحق نے شاد اب کے خان کے ساتھ مل کر ہد ف پوراکر لیا ۔ اوپنر74رنز پر ناقابل شکست رہے ۔ آل رائونڈر نے4رنز پر ناٹ آئوٹ رہے ۔ ٹیم مرتاغ نے دو ‘رینکن اور تھامپسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا ۔ آئوٹ ہونے والے چاروں کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے ۔ ڈبلن میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے آخری روز آئرلینڈ نے اپنی دوسری اننگز 7 وکٹ پر 319 رنز سے شروع کی، گزشتہ روز کے ہیرو کیون اوبرائن مزید کوئی رنز نہ بناسکے اور 118 کے سکور پر محمد عباس کا شکار بن گئے۔اس کے بعد کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا اور پوری آئرلینڈ ٹیم 339 رنز پر ڈھیر ہوگئی یوں پاکستان کو جیت کیلئے 160 رنز کا ہدف ملا۔پاکستان کی طرف سے دوسری اننگز میں محمد عباس نے 5 اور میچ مجموعی طور پر 9 وکٹیں اپنے نام کیں، محمد عامر نے دوسری اننگز میں 3 اور میچ میں 5 آئرلینڈرز کو پویلین کا راستہ دکھایا اور شاداب خان نے آل رائونڈر کھیل پیش کیا انہوں نے نصف سنچری کے ساتھ میچ 4وکٹیں بھی حاصل کیں۔فالو آن کا شکار آئرلینڈرز کو دوسری اننگز میں بیٹنگ کرانے کا سرفراز احمد کا فیصلہ درست ثابت نہ ہوا ۔آئرش ٹیم پہلی اننگز میں 130اور دوسری میں 339رنز بناسکی ۔ گرین شرٹس نے پہلی اننگز 310رنز 9کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کی تھی ۔ کیون اوبرائن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے آئر لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں جیت پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن