• news

حکمرانوں کا لوٹا پیسہ واپس لائینگے، وزیراعظم بنا تو ملتان کا نقشہ تبدیل کر دیا: یوسف رضاگیلانی

شجاع آباد‘ ملتان (نامہ نگار‘ نمائندہ نوائے وقت‘ سپیشل رپورٹر) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ممبئی حملے میرے دور میں ہوئے ہم نے ڈٹ کر پاکستان کا موقف پیش کیا نواز شریف کے بیان پر بہت افسوس ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے ریلوے پھاٹک شجاع آباد کے قریب کونسلر پہلوان خان کی جانب سے مستحق خواتین میں راشن تقسیم کرنے کی تقریب کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غریب مزدور کسان کے حقوق کی بات کی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب میں وزیر اعظم پاکستان تھا تو میں نے ملتان کا نقشہ تبدیل کر دیا اب میں حلقہ 158 سے کامیاب ہو کر شجاع آباد کا بھی نقشہ تبدیل کر دوں گا اس حلقہ سے منتخب ہونے والوں نے یہاں عوام کو کچھ نہیں دیا ۔ صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے یوسف رضا نے کہا کہ ممبئی حملہ میرے دور حکومت میں ہوا تھا اس وقت ہم پاکستان کے موقف کی ڈٹ کر تائید کی تھی میاں نواز شریف کا حالیہ بیان انتہائی افسوس ناک ہے پیپلز پارٹی اس معاملے کو پارلیمنٹ میں اٹھائے گی۔ سید رضا گیلانی نے شجاع آباد میں چوہدری یعقوب گجر کی والدہ کی وفات پر فاتحہ خانی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نواز شریف کے خلاف غداری کے مقدمے پر حکومت جانے اور پارلیمنٹ جانے۔ اس موقع پر ان کے ساتھ رانا صفدر نون‘ چوہدری منیر مغل و دیگر کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔ انہوں نے خاندان گیلانیہ کے بزرگ سیاسی و سماج رہنما سید باقر گیلانی کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے۔ حکمرانوں کا لوٹا ہوا پیسہ واپس قومی خزانے میں جمع کرائیں گے۔ اس موقع پر سید احمد مجتبیٰ گیلانی‘ مبشر رضا گیلانی اور دیگر بھی موجود تھے۔ اڈا پیراں غائب پر ملک نذیر ارائیں کی رہائش گاہ پر اہل علاقہ سے گفتگوکرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اداروں کا احترام کیا ہے۔ عدلیہ کے فیصلوں پر تحفظات کے باوجود پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سر تسلیم خم کیا ہے۔ اس موقع پر یونین کونسل گردیز پور کے کونسلر ملک جاوید بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن