• news

افغانستان :طالبان کا پولیس ہیڈکوارٹرز، خفیہ ایجنسی کے دفتر پر قبضہ ، فرخ شہرپرکنٹرول کی اطلاعات :لڑائی ،6 اہلکاروں سیمت16 مارے گئے

کابل (بی بی سی + سنہوا + اے ایف پی) طالبان نے مغربی افغانستان کے صوبائی دارالحکومت فرح میں ایک مربوط حملہ کیا ہے۔ جھڑپوں میں 6 اہلکار ہلاک، 4 زخمی ہو گئے، 10 شدت پسند مارے گئے۔ اطلاعات ہیں کہ فرح شہر شدت پسندوں کے قبضے میں آ گیا ہے اور مقامی افراد وہاں سے فرار کی کوشش کر رہے ہیں۔ تاہم شدت پسند انہیں ایسا کرنے نہیں دے رہے۔ حملے کے آغاز کو 15 گھنٹے سے زائد کا وقت گذر چکا ہے اور علاقے سے شدید لڑائی کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ طالبان نے افغان انٹیلی جنس کے صوبائی دفتر پر قبضہ کر لیا ہے۔ افغان حکام کا کہنا ہے کہ وہ حملے کو پسپا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور طالبان کے ٹھکانوں کو ہوائی جہازوں سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اس حملے میں نیٹو فورسز بھی افغان حکام کا ساتھ دے رہی ہیں۔ بی بی سی کی ایک حالیہ تحقیق کے مطابق افغانستان میں امریکہ کی زیرِ قیادت اتحادی افواج نے جن طالبان کو شکست دینے کے لیے اربوں ڈالر خرچ کیے وہ اب ملک کے 70 فیصد علاقوں میں کھلے عام سرگرم ہیں۔ گزشتہ روز صبح طالبان نے شہر فرح میں کئی سمتوں سے دھاوا بول دیا اور سکیورٹی چیک پوائنٹس، پولیس ہیڈکوارٹرز اور انٹیلی جنس دفتر کی عمارت پر قبضہ کرلیا۔افغان حکام کے مطابق قندھار کی سپیشل پولیس فورس اور ہرات سے آئے ہوئے کمانڈوز سکیورٹی فورسز کے ساتھ ڈسٹرکٹ ٹو اور تھری میں حملہ آوروں سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ ان حملوں کے بعد شہر میں سکول، دکانیں اور سرکاری دفاتر بند کردیئے گئے۔ افغان فضائیہ کے طیارے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جھڑپوں میں ڈپٹی پولیس سربراہ سمیت متعدد اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ ترجمان وزارت داخلہ نجیب دانش نے بتایا کہ جھڑپوں میں بڑے پیمانے پر طالبان زخمی بھی ہوئے ہیں۔ لڑائی جاری ہے تاہم صوبے کا کنٹرول طالبان کے ہاتھ میں جانے کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ صوبہ قندوز میں افغان فوج سے جھڑپ میں 7 طالبان مارے گئے جبکہ 4 زخمی ہو گئے ہیں۔ صوبہ سرپل میں جھڑپ کے دوران ایک طالبان ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے۔ صوبہ بلخ میں جھڑپ کے دوران 5 طالبان مارے گئے اور 3 زخمی ہو گئے۔ اس جھڑپ کے دوران طالبان کے اسلحہ کے ذخیرے کو بھی تباہ کر دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن