بھارت:پنچایت انتخابات پر ہنگامے جھڑپیں 13, افرادہلاک 5 صحافی زخمی
نئی دہلی(آئی این پی/ سنہوا) بھارتی ریاست مغربی بنگال میں پنچایت انتخابات پر تشدد ہنگاموں کی بھینٹ چڑھ گئے، ہنگاموں اور جھڑپوں میں 13افراد ہلاک اور 5صحافی زخمی ہو گئے۔ متعدد میڈیا کی گاڑیاں توڑ دی گئیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق طویل قانونی جدوجہد کے بعد پنچایت انتخابات شروع ہوئے جو پْرتشدد ہنگاموں کی نذر ہوگئے۔مرکزی وزارت داخلہ نے مغربی بنگال حکومت سے واقعہ کی رپورٹ طلب کی ہے۔ 73فیصدووٹ ڈالے گئے، ہنگامہ برپا کرنیوالوں نے زیادہ تر انتخابی مراکز کو ہدف بنایا، ترنمول کانگریس اور اپوزیشن جماعتوں کے کارکنوں کے مابین خونریز جھڑپیں ہوئیں۔ متعدد پولنگ بوتھز پر دستی بم پھینکے گئے جس سے درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔ بیلٹ بکسوں کو آگ لگا دی۔ سکیورٹی کی کثیرتعداد علاقے میں تعینات کردی گئی۔ پولیس نے ہنگامہ برپا کرنیوالوں کی گرفتاری کی کارروائی شروع کر دی۔ ووٹوں کی گنتی 17مئی کو ہوگی۔ 2019ء کے پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر پنچایت انتخابات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ ایک روز قبل ریاست بہار میں پولنگ سٹیشن پر بم دھماکے میں 20 افراد زخمی ہو گئے تھے۔