نوازشریف نے احمقانہ بیان دیا، آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی ہونی چاہئے: مشرف
دبئی (صباح نیوز) سابق صدر پرویز مشرف نے نوازشریف کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے نوازشریف نے احمقانہ بیان دیا۔ کوئی غلط فہمی نہیں ہوئی ان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی عمل میں لائی جانی چاہئے۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا نوازشریف جب بھی احمقانہ بات کرتے ہیں ان کے وزراء صفائیاں دینا شروع کردیتے ہیں۔ نوازشریف کا بیان بالکل کلیئر ہے۔ مریم نوازشریف عجیب و غریب باتیں کرتی ہیں ان کی کسی بات کا جواب نہیں دینا چاہتا۔ مسلم لیگ (ن) اس وقت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، مسلم لیگ (ن) والے اپنی پارٹی میں مزید دراڑیں ڈال رہے ہیں اور پاکستانی اداروں پر تنقید کررہے ہیں۔ نیوز لیکس کے معاملے پر بھی ان سے تحقیقات ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا ہم جماعت الدعوۃ کو منفی جماعت نہیں سمجھتے، ہم کشمیر میں دہشتگردی نہیں سمجھتے بلکہ جہاد سمجھتے ہیں۔ ہم نے ڈیفنس کو اتنا مضبوط کیا کوئی بھی ہماری طرف بری نظر سے نہیں دیکھ سکتا۔ کراچی اندھیروں کا شہر تھا ہم نے لائٹوں کا شہر بنا دیا۔ پٹھان اور مہاجر کی لڑائی کے پیچھے اے این پی اور ایم کیو ایم ہے۔ میرے دور میں دھماکے بہت کم ہوتے تھے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہر روز ہوتے تھے۔ میں اپنے دور میں پاکستان کو ترقی کی راہ پر لے کر جارہا تھا۔ انہوں نے کہا ہمارے ملک میں پوری طاقت ہے مگر ہمارے لیڈر کمزور ہیں۔