نوازشریف جس خلائی مخلوق کی باتیں کر رہے ہیں وہ پاکستانی نہیں اسکی نظر ایٹمی پروگرام پر ہے: اعتزاز
لاہور (نوائے و قت رپورٹ) اعتزاز احسن نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ اور مودی کے آنے کے بعد انہیں خطے سے متعلق فیصلے کرنے ہیں نواز شریف جس خلائی طاقت کی بات کرتے ہیں وہ پاکستانی نہیں، ملک سے باہر ہے۔ باہر کی خلائی طاقت کی پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر نظر ہے۔ انہوں نے شمالی کوریا کو ڈھیر کر دیا، ایران کیخلاف سخت اقدام اٹھایا ہے۔ وہ پاکستان پر فوکس کرنا چاہتے ہیں لیکن سخت اقدام سے پہلے رائے عامہ ہموار کرنا چاہتے ہیں رائے عامہ ہموار کرنے کے لئے انہوں نے نواز شریف کو اچھی پوزیشن میں رکھا ہے۔ نواز شریف اپوزیشن میں بھی ہیں اور حکومت میں بھی ہیں۔ نواز شریف کیخلاف احتساب عدالت سے سزا یقینی ہے۔ احتساب عدالت سے فیصلہ آیا تو نواز شریف کو 10 سے 14 سال سزا ہو گی۔ کہتے ہیں جاتی امرا کی جائیدادیں انہوں نے والدہ کے نام پر لے رکھی ہیں۔ عدالتی فیصلے کے تحت وہ بے نامی جائیدادیں بھی ضبط ہو جائیں گی۔ بہت بڑا مرحلہ آرہا ہے جو نواز شریف کو پریشان کئے ہوئے ہے۔ سیکشن 343 نواز شریف کا بیانیہ ہو گا جس میں صفائی کا مؤقف وضاحت سے لینا ہو گا۔ عدالت کا آخری سوال نواز شریف سے ہو گا جو کہا اس پر حلف اٹھانے کو تیار ہیں؟ خطے کی ہیت تبدیل کرنے کی سیاست ہو رہی ہے۔ اس میں امریکی صدر، بھارتی وزیراعظم اور نواز شریف شامل ہیں۔