• news

ووٹ نہیں دینا مت دو‘ پرویز خٹک آبائی حلقہ میں ناراض کارکنوں سے الجھ پڑے

نوشہرہ(آن لائن+ این این آئی) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک اپنے آبائی حلقے میں احتجاجی کارکنوں سے الجھ پڑے اور ناراض کارکنوں کی جانب سے احتجاجاً سیاہ جھنڈے لہرانے پر برہم ہو گئے جس پر کارکنوں نے تحریک انصاف کے جھنڈے نذر آتش کر دیئے اور گو خٹک گو اور گو عمران گو کے نعرے لگائے۔ بدھ کے روز وزیراعلیٰ پرویز خٹک اپنے آبائی حلقے میں رسالپور تا جہانگیرہ روڈ کا افتتاح کرنے پہنچے تو ناراض کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے سیاہ جھنڈے لہرائے تو پرویز خٹک نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ووٹ نہیں دینا تو مت دو لیکن سیاہ جھنڈے مت لہراؤ۔ جس پر کارکنان مزید مشتعل ہو گئے اور انہوں نے تحریک انصاف کے جھنڈے نذر آتش کرتے ہوئے گو خٹک گو اور گو عمران گو کے نعرے لگائے۔ مظاہرین نے پی ٹی آئی کے جھنڈے نذر آتش کر دیئے، ٹائر جلائے۔ مقامی افراد نے وزیراعلیٰ کے سامنے شکایات کے انبار لگاتے ہوئے اپنے مطالبات پیش کیے۔ مقامی افراد نے وزیراعلیٰ کے سامنے گیس کی فراہمی کا دیرینہ مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کے باوجود علاقے میں سوئی گیس کی فراہمی ممکن نہیں ہوسکی جس پر وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اس مقصد کیلئے صوبائی حکومت نے فنڈ جمع کرا دیا تاہم الیکشن کمشن نے کاموں پر پابندی لگا رکھی ہے جس کی وجہ سے منصوبہ شروع نہیں ہوسکا۔ وزیراعلیٰ نے سیاہ جھنڈے لہرانے اور عمران خان کے خلاف نعرے بازی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پتہ ہے کہ کون ووٹ دیتا ہے اور کون صرف شرارتیں کرتا ہے، جسے ووٹ دینا ہے وہ دے، جسے نہیں دینا وہ نہ دے، میں خدمت کیلئے آیا ہوں، میں نے آپ کو عزت دی اور آپ نے کالے جھنڈے اٹھائے ہوئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن