نواز شریف پر انگلیاں اٹھانے والے گریبان میں جھانکیں: جاوید ہاشمی
اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کون سی ایسی غلط بات کہہ دی ہے کہ ان کے سیاسی مخالفین نے ان پر حملہ کر دیا ہے۔ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والے سیاست دان کو ’’غدار‘‘ اور نہ جانے کن کن خطابات سے نوازا جا رہا ہے۔ نواز شریف جیسے محب وطن سیاستدان پر انگلیاں اٹھانے والے اپنے گریبان میں جھانکیں۔ 3 بار وزیراعظم بننے والے کی حب الوطنی کو چیلنج کرنا ناقابل معافی جرم ہے۔ میاں نواز شریف نے اس حساس معاملہ پر قومی کمیشن بنانے کی تجویز پیش کر دی ہے اور جس کو حوصلہ ہے وہ اس کے سامنے پیش ہو کر نواز شریف کے خلاف الزام ثابت کرے بصورت دیگر نواز شریف کے خلاف لمبی لمبی زبان میں الزام تراشی کا سلسلہ ترک کر دیا جائے۔ نواز شریف کا قصور یہ ہے کہ انہوں نے گھر کو ٹھیک کرنے کی ہی بات کی ہے اس لئے ان پر الزام تراشی کا کوئی جواز نہیں۔ نوائے وقت کو خصوصی انٹرویو میں جاوید ہاشمی نے کہا کہ حسین شہید سہروردی اور چودھری محمد علی کو جن حالات میں جانا پڑا اس سے پوری قوم آگاہ ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا مسلم لیگ (ن) بحران سے نکل آئے گی تو انہوں نے کہا کہ اس وقت مسلم لیگ ہی نہیں پورا ملک بحرانی کیفیت میں ہے۔ سیاسی جماعتوں کو گروپوں میں منقسم کر دیا گیا اور ایسے لوگوں پر مشتمل حکومت بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے جن پر ’’کنٹرول‘‘ کیا جا سکے۔ جب کوئی لیڈر قد کاٹھ نکالتا ہے تو اس کو اپنی اوقات میں رکھنے کی کوشش کی جاتی ہے تاکہ قیادت طاقتور نہ بن جائے۔ پارٹی کہے گی تو الیکشن لڑوں گا اور پارٹی نہیں کہے گی تو نہیں لڑوں گا۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ چودھری نثار علی خان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ہیں ان سے اختلاف رائے کے باوجود ہم دونوں نواز شریف سے مل کر ایک دوسرے کے مشورے سے اپوزیشن کرتے رہے ہیں۔ ہر آدمی کا اپنا اپنا طریقہ کار ہوتا ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ ’’سرائیکی‘‘ لفظ کے حامی نہیں لیکن نئے صوبے بننے چاہئیں۔ چھوٹے یونٹ بنیں گے تو عوام کے مسائل حل ہوں گے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) آئندہ انتخابات میں سویپ کرے گی اسے کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔