اسحاق ڈار نے 6 کروڑ 53 لاکھ کے چیک ہجویری فاؤنڈیشن کو جاری کئے: گواہ محمد عظیم
اسلام آباد (نامہ نگار) اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس میں دائر ریفرنس کے ضمنی ریفرنس میں استغاثہ کے گواہ محمد عظیم پر وکیل صفائی قاضی مصباح نے جرح کا آغاز کر دیا ہے،گواہ محمد عظیم نے دوران جرح بتایا کہ ا سحاق ڈار نے مختلف اوقات میں کل 65300000مالیت کے چیک ہجویری فانڈیشن کو جاری کیے جبکہ نیب پراسیکیوٹر نے کہا ہے کہ سعید احمد یہ نہ سمجھیں کہ ان پر کوئی الزام نہیں، صدر نیشنل بنک پر الزام ہے کہ انہوں نے اسحاق ڈار کے نام پر سات اکائونٹ کھولے، انہوں نے عدالت کو بتانا ہے کہ وہ اکائونٹ کس کے کہنے پر کھولے گئے ۔بدھ کواسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر1کے جج محمد بشیر نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس میں دائر ضمنی ریفرنس کی سماعت کی،سماعت شروع ہوئی تو ریفرنس میں نامزد تینوںملزمان صدر نیشنل بینک سعید احمد،نعیم محموداور منصوررضا عدالت میں موجودتھے۔سعید احمدنے عدالت کو بتایا کہ میرے وکیل موجود نہیں ہیں، آج نعیم محمود اور منصور رضا کے وکیل جرح کریں گے۔ پراسیکیوٹر نے کہا کہ کچھ اکائونٹ سعید احمد کے اپنے نام پر ہیں لیکن ان کا استعمال اسحاق ڈار کرتے ہیں، یہ عدالت کو بتائیں کہ وہ اکائونٹ کون سے ہیں اور کتنی رقم ان اکانٹ میں موجود ہے، استغاثہ کے گواہ محمد عظیم پر وکیل صفائی قاضی مصباح نے جرح کی،گواہ نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی طرف سے ہجویری فانڈیشن کو جاری چیکوں کی تفصیلات عدالت میں پیش کر دیں۔