کینجھر جھیل کی سطح خطرناک حد تک گر گئی، کراچی کو پانی بند ہونے کا خدشہ
کراچی (آئی این پی)کراچی والوں کے لیے رمضان المبارک سے پہلے ایک بار پھر خطرہ کی گھنٹی بج گئی۔ کینجھر جھیل میں پانی کی سطح خطرناک حد تک گر گئی ہے‘ٹھٹھہ سمیت پانچ تعلقوں میں پینے کے پانی کی بدترین قلت اور فصلیں سوکھنے لگیں‘جھیل سے نکلنے والی دیگر نہروں کو فوری طور پربند کرکے سطح برقرار رکھنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔بدھ کو ذرائع کے مطابق جھیل کی سطح 44 فٹ ہونے پر کراچی کو پانی کی فراہمی بند ہوسکتی ہے، جبکہ ٹھٹھہ سمیت پانچ تعلقوں میں پینے کے پانی کی بدترین قلت اور فصلیں سوکھنے لگیں۔کینجھر جھیل میں پانی کی سطح تین ہفتوں کے دوران تین فٹ سے زائد گر گئی ہے۔ جھیل سے کراچی کو روزانہ 1200 کیوسک پانی فراہم کیاجارہا ہے اور جھیل میں پانی کی موجودہ سطح 54 فٹ سے کم ہوکر 46 فٹ پرپہنچ گئی ہے اور 44 فٹ پر پہنچنے پر کراچی کو پانی کی فراہمی بند ہونے کا خطرہ ہے۔جھیل سے نکلنے والی دیگر نہروں کو فوری طور پربند کرکے سطح برقرار رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کے نتیجے میں ضلع ٹھٹھہ کے پانچ تعلقوں ٹھٹھہ، گھوڑاباری، کیٹی بندر، میرپور ساکرو اور کھاروچھان میں پینے کا پانی ناپید ہوگیاہے اور فصلیں سوکھ رہی ہیں۔