سعودی شہری ہونے کی دعویدار خاتون نے وطن واپسی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا
اسلام آباد (آن لائن )سعود ی عرب کی شہری ہونے کی دعویدار تیس سالہ خاتون نے وطن واپسی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ، مبینہ طور پر سعودی شہری حفصہ بی بی نے سپریم کورٹ کے انسانی حقوق سیل میں درخواست دائر کردی ہے ،بدھ کے روز انسانی حقوق سیل میں دائر کی گئی درخواست میں حفصہ بی بی نے موقف اختیار کیا کہ میں سعودی شہری ہوں ،شرافت نامی شخص نے مجھے سعودی عرب سے اغواء کیا اور چند سال قبل مجھے پاکستان لا کر میری شادی کرادی گئی اور جعل سازی کے ذریعے میرا پاکستانی شناختی کارڈ بھی بنایا گیا ہے ، حفصہ بی بی نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ میرے سعودی ہونے کی حقیقت کے بارے میں مجھے شفقت کی اہلیہ نے آگاہ کیا ، حقیقت معلوم ہونے پر سعودی ایمبیسی او ر پاکستانی وزارت خارجہ کو بھی درخواستیں دیں لیکن کہیں شنوائی نہیں ہوئی۔ چیف جسٹس میرے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا نوٹس لیں اور حکام کو مجھے میرے وطن واپس بھیجنے کے لیے اقدام کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں ۔