• news

پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان قریبی اور تعاون پر مبنی تعلقات ہیں: عثمان ابراہیم

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) دفاعی پیداوار کے وفاقی وزیر بیرسٹر عثمان ابراہیم نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائی جان کے درمیان قریبی اور تعاون پر مبنی تعلقات ہیں۔ انہوں نے یہ بات آذربائیجان کے قومی دن کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے اس موقع پر آذربائیجان کے سفیر اور عوام کو مبارکباد دی۔ بیرسٹر عثمان ابراہیم نے کہا کہ آذربائیجان نے گذ شتہ 26سالوں میں اقتصادی، سائنسی، تعلیمی و سماجی ثقافتی شعبوں میں خاطر خواہ ترقی اور پیش رفت کی ہے۔ انہوں نے علاقائی امن وا ستحکام اور اقتصادی ترقی میں آذربائیجان کی طرف سے ادا کئے جانے والے کردار کو سراہا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے جس کی مذہبی اور ثقافتی وابستگیاں بڑی گہری ہیں اور ان دونوں ممالک کی روایات بھی مشترکہ ہیں۔ بیرسٹر عثمان ابراہیم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح تبادلہ جات دونوں ممالک کے خصوصی برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں اور دونوں ممالک ایک دوسرے کا عزت و احترام کرتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن