• news

چینی جنرل کی آرمی چیف سے ملاقات‘ دفاعی تعاون کے معاہدے....

راولپنڈی (آئی این پی+ نوائے وقت گروپ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژانگ ژو زیانگ نے ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی ، دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی گئی ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ون آن ون ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی جبکہ اس دوران پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی شعبہ میں تعاون بڑھانے کے امور پر بھی گفتگو کی گئی۔ چینی جنرل ژانگ نے کہا کہ پاکستان اور چین آئرن برادر اور سٹریٹجک شراکت دار ہیں۔ پاک فوج کی دہشت گردی کے خلاف جنگ قابل تعریف ہے اور چین انسداد دہشت گردی کےلئے پاک فوج کی کامیابیوں کو سراہتا ہے۔ پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب آپریشنز کئے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا اور اس سلسلے میں پاکستان اور چین ایک دوسرے کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔ سی پیک کے حوالے سے پاک فوج کی سیکیورٹی قابل تحسین ہے، سی پیک کی سیکیورٹی کے حوالے سے مزید تعاون کریں گے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک چین تعلقات باہمی اعتماد اور بھروسے کی بنیاد پر ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر دوطرفہ دفاعی تعاون کے حوالے سے معاہدے بھی ہوئے۔ جنرل ژانگ نے جی ایچ کیو میں یادگار شہداءپر پھول چڑھائے۔ پاک فوج کے چاک وچوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔
چینی جنرل

ای پیپر-دی نیشن