نواز شریف پاک فوج کیخلاف عالمی سازش کا حصہ ہیں: جمشید دستی
اسلام آباد (آئی این پی) عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی نے کہا ہے کہ نواز شریف کو پاک فوج اور عدلیہ نہیں اس ملک کی قوم پاکستان سے باہر نکال پھینکے گی، پاک فوج کے خلاف محاذ کھولنا ایک بین الاقوامی سازش ہے جس کا نواز شریف حصہ ہیں، آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ(ن) اور نواز شریف کا کوئی مستقبل نہیں ہے، خوشی ہے کہ 6سال بعد پاکستان سعودی عرب کے ساتھ رمضان کا آغاز کر رہا ہے اور میری خواہش ہے کہ ہم عید بھی سعودی عرب کے ساتھ منائیں، اداروں کے مابین محاذ آرائی کے ذمہ دار نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) ہے۔وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم لوگ سچ بولتے تو آج ہمارا یہ حال نہ ہوتا۔ پاکستان کا المیہ ہے کہ اس ملک کے سیاستدان بھی جھوٹ بولتے ہیں اور پارلیمنٹ کے اندر آکر بھی جھوٹ بولنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔