آزاد فلسطینی ریاست کیلئے حمایت جاری رکھیں گے غزہ میں اسرائیلی بربریت کی شفاف تحقیقات کرائی جائے : وزیراعظم
استبنول (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے او آئی سی سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لئے پاکستان کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں یوم جمعہ کو یوم یکجہتی فلسطین کے طور پر منایا گیا۔ مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارتخانے کی منتقلی کی مذمت کرتے ہیں۔ فلسطینی بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ غزہ میں اسرائیلی بربریت کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھی 70 سال سے بھارتی جبرواستبداد کا شکار ہیں۔ فلسطینیوں کے لئے اقوام متحدہ میں مل کر آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔ اختلافات بھلا کر او آئی سی پلیٹ فارم سے مضبوط م¶قف دینے کی ضرورت ہے۔ پاکستان آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک اس کی حمایت جاری رکھے گا۔ سلامتی کونسل مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے اپنی قراردادوں پر عمل کرائے۔ وزیراعظم نے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی مذمت کرتے کہا کہ سلامتی کونسل قراردادوں پر عملدرآمد نہیں کرا سکتی تو جنرل اسمبلی میں حمایت حاصل کرنا ہو گی۔ انہوں نے ترک صدر طیب اردگان کو بروقت او آئی سی اجلاس بلانے پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے امریکہ کی طرف سے اپنا سفارتخانہ بیت المقدس منتقل کرنے کے فیصلے کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا مقبوضہ کشمیر کے عوام پر پچھلے 70 سال سے اسی طرح سے مظالم کی گواہ ہے۔ جہاں بھارت نے غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی مساجد میں فلسطینی عوام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ سانحہ غزہ 70سالہ اسرائیلی جبرو استبداد کا خونی باب ہے۔ امریکہ کی عالمی اپیل کے باوجود سفارتخانہ منتقلی قابل افسوس ہے۔ ہم اس وقت تاریخ کے نازک ترین موڑ پر کھڑے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ بھارت کشمیریوں کے حق خودارادیت پر عملدرآمد نہیںکررہا۔ فلسطین پر سکیورٹی کونسل کی قراردادوں سے بھی انحراف کیا جارہا ہے۔ فلسطینیوں کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی سے جوڑا جارہا ہے۔ ہمیں فلسطین اور کشمیر کے ایشوز پر مضبوط مو¿قف اختیار کرنا ہوگا۔
وزیراعظم/او آئی سی