نیب ہو یا کوئی اور ادارہ احتساب سب کا ہونا چاہیے : شہبازشریف
لاہور (نوائے وقت نیوز) نیب ہو یا کوئی اور اداراہ، احتساب سب کا ہونا چاہیے، شہباز شریف حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ احتساب سب کا نہیں ہوگا تو وہ انصاف نہیں کہلائے گا، نیب ہو یا کوئی اور اداراہ، احتساب سب کا ہونا چاہیے۔لاہور میں میو اسپتال کے سرجیکل ٹاور کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ نیازی صاحب نے تین الزامات لگائے، نہ قانونی نوٹس کا جواب آیا اور نہ ہی عدالت کو کوئی جواب دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میو اسپتال کے سرجیکل ٹاور میں اسٹیٹ آف دی آرٹ 16 آپریشن تھیٹرز ہیں،12 یا 13 دن رہ گئے ہیں اور مجھے ابھی مزید اسپتالوں کا افتتاح کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’ہم نے اورنج لائن میں 70 ارب روپے سے زائد بچت کی ہے، بچت پر نیب کو تو ہمیں سرٹیفکیٹ دینا چاہیے، سندھ میں تو انہوں نے بیڑہ غرق کردیا، کاش سندھ میں بھی اچھے اسپتال ہوتے تو الیکشن میں ایک صحت مند مقابلہ ہوتا‘۔شہباز شریف نے کہا کہ مخالفین اسپتالوں کی بات کرتے ہیں، کے پی کے میں انہوں نے کوئی نیا اسپتال نہیں بنایا، لیڈی ریڈنگ اسپتال اور حیات آباد اسپتال کو بھی وہ اچھی طرح سنبھال نہیں پائے، نیازی صاحب نے کے پی کے میں اسپتالوں کا بیڑہ غرق کردیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے موبائل اسپتال بنائے انہوں نے کوئی ایک نیا ٹیچنگ اسپتال نہیں بنایا۔
شہباز شریف