سابق وزیراعظم مریم صفدر کے بیانات ریکارڈ نہ ہو سکے سب کو حساب دینا ہو گا : نوازشریف ‘ زرداری کے بیان پر جواب
اسلام آباد(آئی این پی ) احتساب عدالت میں سابق وزیرا عظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن(ر)صفدر کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹی ریفرنس (لندن فلیٹس) میں ملزمان کے بیانات قلمبند نہ ہوسکے۔ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا کہ دیئے گئے سوال نامے میں کچھ ایسے سوالات ہیں جن میں ابہام ہے اور بعض سوالوں کی درستگی کرنی ہے اس لئے جواب داخل کرانے کے لئے مہلت دی جائے۔ جمعہ کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف‘ مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کی۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔وکیل صفائی خواجہ حارث نے کہا کہ عدالت کی جانب سے فراہم کیے جانے والے سوالنامے میں کچھ سوالوں میں ابہام ہے اور کچھ کی درستگی کرنی ہے۔عدالت سے استدعا ہے کہ ملزمان کا بیان بعد میں قلمبند کیا جائے۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے گزشتہ سماعت پر بجلی نہ ہونے کی وجہ سے اے سی بند کر کے سوالنامہ تیار کیا۔پنکھے اور لائٹیں بھی بند کیں تاکہ کمپیوٹر چل جائے۔ سردار مظفر نے کہا پورا دن لگا کر سوالنامہ تیار ہوا۔ اب خواجہ حارث مزید وقت مانگ رہے ہیں۔ہم تو سوالنامہ بھی دینے کو تیار نہ تھے۔ عدالت نے ان کی سہولت کے لیے سوالنامہ تک انہیں دے دیا ۔ فاضل جج محمد بشیر نے ایون فیلڈ ریفرنس میں آج ملزمان کے بیانات قلمبند نہ کرنے کی خواجہ حارث کی استدعا منظور کر لی عدالت نے کیس کی سماعت 21 مئی تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ یہ آخری موقع ہے آئندہ سماعت پر ملزمان کا بیان قلمبند کیا جائے گا۔ پیر کو ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کے باعث اب العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس کی سماعت منگل کو ہوگی اور وکیل صفائی خواجہ حارث استغاثہ کے گواہ واجد ضیا پر جرح کرینگے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اب سب کا حساب ہوگا اور ہم سب کو حساب دینا ہوگا۔ جمعہ کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر نواز شریف نے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی ۔ اس دوران ایک صحافی نے سوال کیا زرداری صاحب کہتے ہیں کہ میاں صاحب کو تیس سال کا حساب دینا ہوگا۔صحافی کے سوال پر نواز شریف نے کہا کہ اب سب کو حساب دےنا ہوگا۔ ہم سب کو حساب دینا ہوگا ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر سابق وزیراعظم نواز شریف احتساب عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کیے بغیر روانہ ہوگئے۔
نواز شریف