جسٹس ر جاوید اقبال کو کسی دبائو کے تحت طلب نہیں کیا: چیئرمین قائمہ کمیٹی
لاہور(آئی این پی) قومی اسمبلی کے قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے چیئرمین چوہدری محمد اشرف نے کہا ہے کہ نواز شریف کے معاملے پر چیئرمین نیب کی طلبی پر ہم پر کوئی دبائو نہیں‘ نیب قانون کی شق پانچ کے تحت ملزم وہ ہے جس کے خلاف قانونی ثبوت جمع ہوں، قانونی ثبوت قائم ہوں اس سے پہلے کوئی ملزم نہیں بنتا۔ جمعہ کے روز گفتگو کرتے ہوئے چوہدری محمد اشرف نے کہا کہ نوازشریف کے بارے میں پریس ریلیز جاری کرنے پر چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال کو22 مئی کو بلایا ہے، اس حوالے سے سٹیٹ بنک کے گورنر یا نمائندے کو بھی ریکارڈ لانے کا کہا ہے، میاں صاحب پر بغیر کسی ثبوت کے الزامات لگائے گئے جس کی سٹیٹ بنک اور ورلڈ بنک نے تردید کی ہے۔ پارلیمنٹ نے کمیٹی کے سپرد ایک کام کیا ہے، آرٹیکل 4 اور 114 کے تحت ہر شہری کے وقار کو ریاست نے قائم رکھنا ہے۔