• news

خرم گنڈاپور منہاج یونیورسٹی ہاسٹل میں طالبات پر برس پڑے، دھمکیوں کی ویڈیو وائرل

لاہور(خصوصی نامہ نگار + لیڈی رپورٹر)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے رمضان المبارک کے موقع پرمنہاج یونیورسٹی ہاسٹل میں سحری و افطار کا انتظام نہ ہونے کی شکایت پر طالبات پر برس پڑے، شکایت سننے کی بار بار درخواست پر آگ بگولا ہو گئے، اور طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہاسٹل کرائے کی بلڈنگ نہیں، اگر آپ کو پرائیویٹ ہاسٹل میں رہنا پڑے تو مجھے بھی معلوم ہے آپ لوگوں کے ساتھ کیا ہو گا، کسی کے دبائو میں آنے والا نہیں ٹی وی پروگرام میں جانا ہے اب کوئی آواز نہ نکالے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں واضح نظر آرہا ہے کہ منہاج یونیورسٹی کے ہاسٹل میں رہائش پذیر طالبات نے مبینہ طور پر سحری و افطار کا انتظام نہ ہونے پر یونیورسٹی میں احتجاج کیا تو اس پر سیکرٹری جنرل خرم گنڈا پور کو طالبات کا احتجاج ناگوار گزرا اور اصلاح احوال کی بجائے طالبات کو کارروائی کا کہہ کر دھمکاتے رہے۔ خرم گنڈا پور نے اقرار کیا کہ پرابلم ہوا ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے مجھے مطلع نہیں کیا جس پر طالبات نے یک زبان ہو کر کہا ہے آپ ہماری بات تو سنیں جس پر عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل چلا کر کہا کہ شٹ اپ تم کو بڑوں کی عزت کرنی نہیں آتی، آپ مجھ کو جانتے نہیں ہیں،مجھے کوئی پریشرائز نہیں کر سکتا۔ بعدازاں خرم گنڈا پور طالبات کوزبان بند رکھنے اور کارروائی کی دھمکی دینے کے بعد وہاںسے روا نہ ہو گئے۔ پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نے کہا کہ ہاسٹل کا انتظام و انصرام خرم نواز گنڈا پور دیکھتے ہیں، والدین کی درخواست پر ہاسٹل انتظامیہ نے یہ قواعد اور ڈسپلن قائم کر رکھا ہے۔ زبردستی ہاسٹل سے باہر جانے کے لیے ہنگامہ آرائی پر خرم نواز گنڈاپور نے سخت نوٹس لیا۔ کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے سختی کی، طالبات نے جو ایونٹ رکھا ہوا تھا اس ایونٹ کی اطلاع ہاسٹل انتظامیہ کو نہیں تھی۔

ای پیپر-دی نیشن