گوجرہ: شارٹ سرکٹ، آگ لگنے سے ڈھائی سالہ بچہ جھلس کر جاں بحق، ماں زخمی
گوجرہ (نامہ نگار) شارٹ سرکٹ کے نتیجہ میں محنت کش کے گھر میں آ گ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ڈھائی سا لہ بچہ جھلس کرجاں بحق جبہ ماں زخمی ہو گئی۔ محلہ نیو اقبال ٹائون کے شہزاد کے گھر میں شارٹ سرکٹ کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے کمرے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور بیڈ پر لیٹا اسکا ڈھائی سالہ بیٹا ابوبکر شدید طور پر جھلس گیا۔ ابوبکر کی ماں حمیرہ بی بی اپنے لخت جگر کو بچاتے ہوئے بھی جھلس گئی۔ چیخ و پکار پر انکا ہمسایہ آگ بھجانے آیا تو وہ بھی جھلس گیا۔ ڈھائی سالہ بچہ شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ اسکی ماں صدمے سے بے ہوش ہوگئی جسے فوری طور پر تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال گوجرہ پہنچایا گیا۔ آگ لگنے کے نتیجہ میں تمام سامان بھی جل کر خاکستر ہوگیا ۔ اطلاع ملنے پر میونسپل کمیٹی کی فائر بریگیڈ موقع پر پہنچی مگر آگ اپنا کام دکھا چکی تھی۔