• news

بھکھی پاور پلانٹ سے پیداوار شروع‘ زرداری نے اندھیرے دیئے‘ دھرنے والوں کو قوم معاف نہیں کریگی : شہبازشریف

لاہور+ شیخوپورہ (خصوصی رپورٹر+ نمائندہ نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی) شہبازشریف نے 1180 میگا واٹ کے بھکھی پاور پلانٹ کو مکمل فعال کرنے کے حوالے سے تختی کی نقاب کشائی کی۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے کے مکمل فعال ہونے پر مسرت کا اظہار کیا۔انہوںنے کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ بہت تاریخی دن ہے ۔ پاور پلانٹ پاکستان میں اپنی نوعیت کا جدید ترین گیس ٹیکنالوجی پاو رپلانٹ ہے۔ اب تک 3.1 ارب یونٹ بجلی کی پیداوار حاصل کی جا چکی ہے۔ منصوبے میں 39 ارب روپے کی بچت کی گئی ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کوششوں سے ملک پر چھائے اندھیرے چھٹ رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کاوشوں اور اربوں روپے کی سرمایہ کاری کے باعث بجلی کے منصوبے مکمل ہونے سے 10 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے ۔ اس منصوبے پر پنجاب حکومت نے سرمایہ کاری کی ہے ۔ ماہ رمضان میں سحری ، افطاری اور تراویح کے دوران مکمل طور پر پورے پاکستان میں بجلی مل رہی ہے ۔ یہ رمضان شریف کی برکت ، اللہ تعالی کا فضل مسلم لیگ (ن) کی شبانہ روز محنت کا ثمر ہے۔ مشرف اور زرداری کے دور میں گیس کی بنیاد پر لگنے والے اسی کپیسٹی کے منصوبے ہم نے آدھی قیمت پر لگائے ہیں ۔ توانائی منصوبوں میں اربوں روپے کے بچت کر کے قومی خزانے کو فائدہ پہنچایا گیا ہے۔ زرداری صاحب ہیں جن کی حکومت نے ملک کو اندھیروں میں ڈبویا ، بجلی کے منصوبوں کے نام پر کرپشن کی اور آج واسکٹ پہن کر کرپشن کے خلاف بھاشن دے رہے ہیں، مشرف اور زرداری کے دور میں گیس کی بنیاد پر لگنے والے منصوبے نہ صرف دگنی قیمت پر لگے بلکہ ان کی کارکردگی بھی کم تھی۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی تو ملک ہر طرف اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا۔ پہلا سال دھرنوں کی نذر ہو گیا - دھرنوں سے جہاں قومی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا وہاں بجلی سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر ہوئی- اس سے بڑا جرم اور کوئی ہو نہیں سکتا اور قوم دھرنے والوں کے اس جرم کو کبھی معاف نہیں کرے گی- دھرنوں کے باعث چین کے صدر کا دورہ ملتوی ہوا اور منصوبوں میں تاخیر ہوئی- اگر دھرنے والے ہوش کے ناخن لیتے تو یہ منصوبے بہت پہلے مکمل ہو چکے ہوتے- کے پی کے میں جہاں دریا ہیں ، آبشاریں ہیں اور ہزاروں میگا واٹ پن بجلی پیدا کرنے کے مواقع موجود ہیں - وہاں خان صاحب نے بجلی پیدا کرنے پر کوئی توجہ نہ دی۔ جھوٹ بولنے اور جھوٹے دعوے کرنے والا قوم کی قیادت کرنے کی اہلیت نہیں رکھتا - مسلم لیگ (ن) کی حکومت توانائی بحران کے خاتمے کا بوجھ نہ اٹھاتی تو شائد آج بھی پاکستان اندھیرو ںمیں ڈوبا ہوتا۔ میں محمد نواز شریف اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو توانائی منصوبوں کی تکمیل پر مبارکباد دیتا ہوں جن کی معاونت سے یہ منصوبے مکمل ہوئے ہیں۔ میری تمام سیاستدانوں ، عدالت عظمیٰ، عدالت عالیہ ، نیب اور قوم سے استدعا ہے کہ جہاں کرپشن ہوئی ہے اسے ضرورپکڑیں لیکن جہاں اچھا کام ہوا ہے اس کی تعریف بھی کی جائے- کیونکہ اگر اچھے کام کی حوصلہ افزائی نہ کی گئی تو پھر کوئی کام نہیں کرے گا- انصاف کا تقاضا بھی یہی ہے کہ اچھے اور برے میں تمیز کی جائے - یہی پاکستان کو آگے لیجانے کا راستہ ہے۔ شہبازشریف نے مسلم لیگ (ن) کی ڈویژنل و ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹیوں کے ارکان سے خطاب میں کہا ہے کہ عام انتخابات کی آمد آمد ہے۔آپ سب نے گزشتہ الیکشن کی طرح اس بار بھی محنت، جذبے اور لگن سے کام کرنا ہے کیونکہ سیاست کو عبادت کا درجہ دے کر ہی دین اور دنیا دونوں کمائے جاسکتے ہیں۔ شفافیت کے حوالے سے بھی یہ دور پاکستان کی تاریخ کا سب سے بہترین دور ہے۔ آج تک پاکستان میں اتنی سپیڈ اور شفافیت کےساتھ بجلی کے منصوبے نہیں لگے اور میں نے اپنے سیاسی کیریئر کے دوران اس رفتار اور شفافیت کےساتھ منصوبوںکو مکمل ہوتے نہیں دیکھا۔ احتساب سب کا بلاامتیاز ہونا چاہئے کیونکہ مخصوص احتساب سے پاکستان آگے نہیں بڑھے گا۔ شہبازشریف سے وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعدرفیق اور رکن قومی اسمبلی سلطان محمود ہنجرا نے ملاقات کی اور محمد شہبازشریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ شہبازشریف نے ٹیکساس کے سکول میں فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی ہے اور پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ اچھا کام کرنے والوں کو شاباش نہیں دی جائیگی، تو گھوڑے گدھے میں تمیر ختم ہو جائیگی۔ گدھے اور گھوڑے کو اکٹھے نہ ہانکا جائے اچھے کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی بھی کریں انصاف اچھے اور برے میں تمیز کرتا ہے۔


شہبازشریف

ای پیپر-دی نیشن