بروقت انتخابات سب کے حق میں، امید ہے شفاف ہونگے: مریم اورنگزیب
لاہور (خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ منگل کو نگران وزیر اعظم کا اعلان ہوگا۔ الیکشن 2018ءبروقت ہونگے۔ مقررہ وقت پر عام انتخابات سب کے حق میں ہیں۔ الیکشن مشکل مرحلہ ہے لیکن امید ہے کہ یہ صاف و شفاف ہونگے۔ وہ مقامی ہوٹل میں لاہور کے سینئر صحافیوں کے اعزاز میں افطار ڈنر میں غیر رسمی گفتگو کر رہی تھیں۔ اس موقع پر پی آئی او‘ ڈی جی پی آئی ڈی لاہور‘ ڈی جی ریڈیو پاکستان سمیت مختلف اخبارات کے ایڈیٹر‘ چیف نیوز ایڈیٹر‘ سینئر صحافی‘ اینکر پرسن اور رپورٹر موجود تھے۔ مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن ایک بڑی سیاسی جمہوری جماعت ہے اس میں مختلف آراءکا ہونا جمہوریت کا حسن ہے۔ مسلم لیگ ن کا ایک ہی بیانیہ ہے ووٹ کو عزت دو۔ نواز شریف سی پیک منصوبہ لائے اور ترقی کی نئی راہیں کھولیں۔ ووٹ کو عزت تو الیکشن میں ہمارا نعرہ ہو گا۔ بروقت انتخابات سب کے حق میں‘ ہم سے بہت سی غلطیاں بھی ہوئیں لیکن ہم نے بہت سی کامیابیاں بھی سمیٹیں۔ دہشتگردی کے جن کو بوتل میں بند کرنے کےلئے نواز شریف اور انکی قیادت میں حکومت اور فوج نے مل کر اس سلسلہ میں نمایاں خدمات سرانجام دیں۔ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کےلئے زبردست اقدامات کئے اور پاکستان سے اندھیروں کو دور کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ صحافیوں کےلئے انفارمیشن تک رسائی کے قانون اور ویج بورڈ لانے کو اپنی حکومت کی کارکردگی بتایا تاہم سنسر شپ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 140کے قریب لوگ موجود تھے ان میں سے الگ رائے کا اظہار کرنے والے بھی شامل تھے تاہم جمہوری پارٹیوں میں کھل کر اظہار رائے کیا جانا خوش آئند ہے۔ دس سال میں دو سول حکومتوں نے اپنی پانچ سالہ معیاد پوری کی ہے یہ سلسلہ مزید دس سال چلے گا تو پاکستان میں نہ صرف جمہوریت مضبوط ہو گی بلکہ ان دس سالوں میں جو غلطیاں کی ہیں ان سے سبق سیکھ کر بہتری لائی جا سکے گی۔ ایک پارٹی سے دوسری پارٹی میں جانے والوں کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایسا ہوتا ہے، پاکستان میں اس کا ایک سیاسی پس منظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے قریب آنے پر اگرچہ کچھ لوگ پی ٹی آئی میں چلے گئے ہیں لیکن مسلم لیگ (ن) کا ووٹ بنک اپنی جگہ موجود ہے اور مسلم لیگ (ن) 2018ءکے الیکشن میں ووٹروں کی حمایت سے سرفراز ہو گی۔ علاوہ ازیں مریم اورنگزیب نے مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف کے انٹرویو کے حوالے سے ان سے منسوب بیان کی تردید کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیدیا۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ نوازشریف کے انٹرویو کے حوالے سے مجھ سے منسوب بیان بے بنیاد ہے۔
مریم اورنگزیب