• news

55 دن کا انتخابی شیڈول، الیکشن مہم کیلئے ایک ہفتہ زیادہ ملے گا

اسلام آباد (این این آئی+ نوائے وقت نیوز) عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان رواں ماہ کے آخری ہفتے میں متوقع ہے جس میں ملکی تاریخ میں پہلی بار 55 دن کا انتخابی شیڈول جاری کیا جائے گا۔ نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمشن حکام نے بتایا کہ ماضی میں 48 دن کا انتخابی شیڈول جاری کیا جاتا رہا ہے لیکن آئندہ عام انتخابات کے شیڈول میں 7 روز زیادہ دیئے جائیں گے۔ انتخابی دن سے 28 روز قبل امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی جائےگی، امیدواروں کو انتخابی مہم کےلئے 21 کی بجائے 28 دن دیئے جائیں گے جبکہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی انتخابی روز سے 28 روز قبل شروع ہو جائے گی۔ الیکشن کمشن حکام کے مطابق آئین کے تحت الیکشن کمشن کو 31 جولائی تک ہر صورت انتخابات کرانا ہوں گے، 55 دنوں پر مشتمل انتخابی شیڈول کا اعلان پولنگ ڈے سے 60 روز قبل متوقع ہے، آئندہ عام انتخابات کےلئے 25 سے 31 جولائی کے درمیان کی تاریخ رکھی جائے گی جبکہ عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان رواں ماہ کے آخری ہفتے میں متوقع ہے۔ رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 10 کروڑ 42 لاکھ 67 ہزار 581 ہو گئی ہے۔مرد ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 84 لاکھ 63 ہزار 228 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 4 کروڑ 58 لاکھ 4 ہزار 353 ہے۔ نئے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مرد اور خواتین ووٹرز کے فرق میں بھی اضافہ ہوا ہے اور نئی ووٹر فہرستوں میں مرد اور خواتین ووٹرز کی تعداد میں ایک کروڑ 26 لاکھ 58 ہزار 875 کا فرق موجود ہے۔ آئندہ عام انتخابات میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے لگ بھگ 22 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے۔ رواں ماہ کے آخری ہفتے حتمی پولنگ سکیم کا بھی اعلان کر دیا جائے گا، تقریباً 90 ہزار پولنگ سٹیشنز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ادھر الیکشن کمشن نے عام انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی فیس بڑھا دی۔ قومی اسمبلی کی فیس 4ہزار سے 30ہزار اور صوبائی اسمبلی کی فیس 2ہزار سے 20ہزار کر دی گئی۔ کمشن نے انتخابی اخراجات سے متعلق نگرانی سخت کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا ہے۔ قومی اسمبلی کے امیدوار کے لیے اخراجات کی حد 40 لاکھ اور صوبائی اسمبلی کے امیدوار کے لئے 20 لاکھ حد مقرر ہے۔
انتخابی اخراجات

ای پیپر-دی نیشن