کرناٹک: بی جے پی کا وزیراعلیٰ 3روز میں مستعفی،کانگرس اتحاد کو حکومت بنانے کی دعوت
دہلی (بی بی سی ڈاٹ کام+ نیٹ نیوز) بھارت میں برسرِاقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی کو ایک سیاسی دھچکا اس وقت لگا ہے جب جنوبی ریاست کرناٹکہ کے وزیراعلیٰ نے اپنے خلاف عدم اعتماد کے ووٹ سے چند لمحے قبل ہی استعفیٰ دے دیا۔ بی ایس یدیورپا کا کہنا تھا کہ وہ اسمبلی میں اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔ ریاست میں اب ایک اتحادی حکومت اقتدار سنبھالے گی۔ یاد رہے کہ وزیراعلیٰ اس عہدے پر صرف تین دن کے لئے فائز رہے۔ اب کانگرس اتحاد کے ایچ ڈی کمارا سوامی کل وزارت اعلیٰ کا حلف اٹھائیں گے۔ گورنر نے انہیں حکومت بنانے کی دعوت دیدی ہے ۔ راہول گاندھی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے اپوزیشن متحد ہے مستقبل میں بی جے پی اور آر ایس ایس کا راستہ روکیں گے۔