• news

ڈیوٹی ڈرا بیک سکیم سے برآمدات میں اضافہ ‘ تسلسل جاری رکھا جائے: شائق جاوید

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے ٹیکسٹائل برآمدات کے فروغ کیلئے وزیراعظم پیکج کے تحت جاری ڈیوٹی ڈرا بیک سکیم کے تسلسل کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے اسے مزید تین سال تک جاری رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سکیم کے اجراء سے صنعتی عمل میں بہتری آئی اور تنزلی کا شکار ٹیکسٹائل برآمدات میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا۔ڈیوٹی ڈرا بیک سکیم کے تسلسل سے جہاں ویلیو ایڈڈٹیکسٹائل برآمدات میں سالانہ 10 فیصد اضافہ ہو گا وہیں ہر سال ڈیڑھ ارب ڈالر کا اضافی زرمبادلہ بھی حاصل ہوگا۔پی ٹی ای اے کے چیئرمین میاں شائق جاوید نے وزیر اعظم پیکج کے تحت ڈیوٹی ڈرا بیک سکیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سکیم کے ملکی برآمدات پر گہرے مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں ۔انھوں نے وزیر اعظم پیکج کے تحت ڈیوٹی ڈرا بیک سکیم کو مزید تین سال تک جاری رکھنے کا مطالبہ کیا۔اپنے دیرینہ مطالبے کو دہراتے ہوئے انھوں نے ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کے سالہا سال سے زیر التوا ری فنڈز کی فوری ادائیگی کا بھی مطالبہ کیا۔ری فنڈز کی عدم ادائیگی کے باعث ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز فنڈز کی شدید کمی کا شکار ہیں ۔ ایکسپورٹرز کی مالی مشکلات میں کمی کیلئے ضروری ہے کہ تمام زیر التوا ری فنڈز کی فوری ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔ پی ٹی ای اے کے وائس چیئرمین عمار سعیدنے کہا کہ ری فنڈز کی ادائیگی کیلئے حکومتی یقین دہانیوں کے باوجود عملی اقدامات نا ہو سکے جس کے باعث ایکسپورٹرز کی مشکلات میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔انھوں نے صنعتی مسائل کے فوری حل اور معاشی و تجارتی شرح نمو میں اضافہ کیلئے تمام ری فنڈ کلیمز کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کیا تاکہ صنعتی پہیہ پوری رفتار سے رواں رہے اور معاشی ترقی کے اہداف کا حصول ممکن ہو سکے ۔

ای پیپر-دی نیشن