• news

شام : شہر حماکے بارودی گودام میں دھماکے‘11 افراد ہلاک

دمشق (اے پی پی+صباح نیوز) شام کے حالات پر نگاہ رکھنے والی اپوزیشن تنظیم سیریئن آبزرویٹری برائے انسانی حقوق کے مطابق حما میں اسلحے کے ایک بڑے گودام میں ہونے والے دھماکوں کی زد میں آ کر کم از کم 11 افراد مارے گئے ہیں۔ آبزرویٹری کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں شامی فوج کے اہلکار اور اْس کی حامی ملیشیا کے جنگجو بھی شامل ہیں۔ شام کے سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق یہ دھماکے حما شہر کی ایئر بیس پر واقع بارودی گودام میں ہوئے۔ آبزرویٹری نے ان دھماکوں کی تعداد5 بتائی ہے، جن کی وجوہات تاحال غیر واضح ہیں۔ اسی ایئر بیس سے شامی فضائیہ کے جنگی طیارے حکومت مخالف باغیوں کو نشانہ بنانے کے لیے اڑتے ہیں۔ ایران اورشام میں باہمی اقتصادی تعاون کے فروغ پر اتفاق ہو گیا ۔ شام کے صدر بشار الاسد نے ایرانی وزیر برائے شہری ترقی عباس اخوندی کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شام، ایران سمیت تمام ان ممالک کے ساتھ جو کہ شامی خود مختاری اور اقتدار کا احترام کرتے ہیں اقتصادی اور معاشی روابط کو بڑھانے کے لئے آمادہ ہے۔اس موقع پرعباس آخوندی نے کہا کہ تہران، دمشق میں قیام امن سمیت تمام شعبوں میں ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہے اور ایران شام کی تعمیر نو میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے آمادہ ہے۔ایرانی وزیر برائے شہری ترقی کے دورہ شام کے موقع پر شامی وزیر خزانہ اور غیرملکی تجارت سمر الخلیل کے درمیان ایک معاہدے پر بھی دستخط ہوئے۔

ای پیپر-دی نیشن