پاکستان کا چھٹا موسم
مکرمی! کہا جاتا ہے پاکستان میں سارے ہی موسم پائے جاتے ہیں۔ گرما، سرما، بہار ، خزاں اور برسات لیکن ایک چھٹا موسم بھی ہے جو کسی اور ملک میں نہیں صرف پاکستان میں ہی پایا جاتاہے اور وہ ہے بے ضمیری کا موسم اور یہ ہر پانچ سال بعد الیکشن کے قریب اترتا ہے اس موسم میں بے ضمیری اپنے جوبن پر نظر آتی ہے۔ یہ موسم سیاسی پرندوں کی اڑان اور سمت متعین ہونے کی خبر دیتا ہے یہ پرندے جس تھالی میں سے جی بھر کر دانہ دنکا کھاتے رہے اسی تھالی میں سوراخ کرکے نئی پلیٹوں کا رخ کرتے پائے جاتے ہیں ایسے پرندوں کو حرف عام میں لوٹا لوٹا پکار کر ان کی بہت بے عزتی بھی کی جاتی ہے لیکن بے عزتی وہ محسوس کرتے ہیں جن کی کوئی عزت ہو یہ اپنی دھن میں حروف تہجی کے سارے الفاظ کی سیر کرنا اپنے حق حقوق کا حصہ سمجھتے ہیں ”ق “ سے ”ن “ اور پھر ”ن “ سے کسی اور سمت۔ یہ مستقل کہیں نہیں ٹھہرتے ہر زوال کے عہد میں یہ ایک ہی گیت گاتے ہوئے مرغ بادنما سے ہوا کا رخ دیکھ کر اڑ جاتے ہیں کہ
پہلاںساں اسی ”ج“ جولا ہے
فیر بن گئے درزی
رل مل ہوئے سید میاں
اگوں بے بے دی مرضی
(محسن امین تارڑ ایڈووکیٹ)