نام نہاد تبدیلی کے دعویداروں کے چہرے بے نقاب ہو چکے:پرویز ملک‘ عمران نذیر
لاہور(خصوصی رپورٹر)مسلم لیگ(ن)لاہور کے صدر محمد پرویز ملک،جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ نام نہاد تبدیلی کے دعویداروں کے چہرے بے نقاب ہوچکے ہیں،میٹرو اورنج ٹرین مخالفین کے لئے بڑی پریشانی کاباعث ہیں، عوام منفی سیاست کرنے والوں کو آئندہ الیکشن میں مسترد کردیں گے۔ پنجاب کی ترقی سب کے سامنے ہے، ترقی اورمیگا پراجیکٹس پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پہچان بن چکے ہیں۔ معیار اور شفافیت کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل مسلم لیگ (ن) کا انداز ہے۔ پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں کی یکساں ترقی کے وڑن پر عمل پیر اہیں۔ ملک کو اندھیروں سے نجات دلانے کا سہرا مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے سر ہے اور بڑے ترقیاتی اور توانائی کے منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کر کے ایک مثال قائم کی گئی۔گذشتہ روز افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں منصوبوں کی آڑ میں قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا گیا جبکہ بعض سیاسی عناصر نے دھرنوں اور لاک ڈائون کے ذریعے تعمیر و ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی اور یہ عناصر ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے شفاف ترین منصوبوں کو مکمل ہوتا دیکھ کر پریشان ہیں۔