• news

عمران کے وعدے 100 روز میں پورے ہو گئے تو سیاست چھوڑ دوں گا : خورشید شاہ

اسلام آباد (ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) خورشید شاہ نے عمران خان کے 100روزہ پروگرام کو ناقابل عمل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے 100دنوں میں وعدے پورے ہوگئے تو سیاست چھوڑ دوں گا، تحریک انصاف کا وقت سے قبل ہی 100دن کا پروگرام طے کرنا اور اسے عوام کے سامنے پیش کرنا دھاندلی کی جانب اشارہ ہے، تحریک انصاف جیت بھی گئی تو اب کوئی الیکشن ماننے کو تیار نہیں ہوگا، ایک کروڑ نوکریاں توکیا خیبر پی کے میں 5ہزار نوکریاں بھی نہ دے سکے، عمران خان نے جنوبی پنجاب کا جو لالی پاپ دیا اس میں بھی کوئی حقیقت نہیں، 100دن کا پروگرام ہو یا کوئی اور منصوبہ ہو، انتخابات جیت کر اس کا اعلان کیا جاتا ہے اور یہاں عمران خان نے اس طرح اعلان کیا جیسے یہ الیکشن جیت کربیٹھے ہیں، یہ عملی پلان نہیں، الیکشن شوشہ کہہ سکتا ہوں، دعوﺅں کی کوئی حقیقت بھی ہونی چاہیے، عمران خان کے پاس بہت بڑا موقع تھا کہ وہ اپنے منصوبے کو خیبر پی کے میں ثابت کرتے،ان کے پاس ایک صوبہ تھا وہاں عمل کیوں نہیں کیا؟ کے پی میں ترقیاتی کام دیکھ لیں، پیپلزپارٹی کے سواکسی جماعت نے عملی طور پر جنوبی پنجاب صوبے کی بات نہیں کی، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کھوکھلے نعروں اور جھوٹے دعوﺅں سے ملک ترقی نہیں کرتا۔ بلاول ہاﺅس میں پارٹی رہنماﺅں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک ترقی کرے گا جب مزدور، کسان معاشی طور پر مضبوط ہوں گے سیاسی عمل میں دیرینہ کارکنوں کو ساتھ رکھیں۔ یہ کارکن بے نظیر بھٹو شہید کی طاقت تھے اور میری بھی طاقت ہیں۔ پختونوں کو شناخت پیپلز پارٹی نے دی۔ جو خیبر پی کے میں ایک شاہراہ یونیورسٹی کالج تعمیر نہیں کر سکتے وہ ملک کا کیا حشر کریں گے۔ پیپلز پارٹی ہی پختونوں کو حقوق دلا کر صوبہ اور عوام کی ترقی کی ضامن ہے۔بلاول بھٹو نے سید یوسف رضا گیلانی، حال ہی میں پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے رئیس نبیل سے جنوبی پنجاب کی سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابات کے لئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا جبکہ پیپلز پارٹی خیبر پی کے کے صوبائی عہدیداروں نے چیئرمین پیپلز پارٹی سے ملاقات کی۔

خورشید شاہ

ای پیپر-دی نیشن