علاقائی امن، استحکام کیلئے پاکستان سمیت شنگھائی تعاون تنظیم کے ارکان ساتھ کھڑے ہیں: چین
بیجنگ (آئی این پی) علاقائی امن و استحکام کے لئے پاکستان سمیت ایس سی او ارکان ممالک ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں، شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) ارکان ممالک کو اہم چیلنجز درپیش ہیں، خطے میں امن و سلامتی، استحکام، منشیات سمیت دیگر دہشت گردی سے نبرد آزما ہونا ہے، ایس سی او پلیٹ فارم چیلنجز سے نمٹنے کے مواقع فراہم کرتا ہے، سکیورٹی کے میدان میں ارکان ایک دوسرے کے ساتھ مزید تعاون کو فروغ دیں گے، مسائل کے حل کے لئے تمام ارکان کا ایک پیج پر ہونا ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لو کھانگ نے گذشتہ روز معمول کی پریس بریفنگ میں کیا۔ پاکستانی مشیر قومی سلامتی ناصر خان جنجوعہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے 13ویں اجلاس میں شرکت کی۔ چائینیز سٹیٹ قونصلر زوہاﺅ نے اجلاس کی صدارت کی۔ بھارت کی جانب سے نائب قومی سلامتی مشیر راجندر ناتھ کے علاوہ روس، تاجکستان، قازقستان اور کرغزستان کے نمائندگان نے شرکت کی۔ ایس سی او کا اجلاس آج بھی جاری رہے گا۔ ترجمان نے مزید کہا ایس سی او ارکان کے اس اجلاس کا اصل مقصد ایس سی او ممالک کے سربراہ اجلاس کی تیاری کا جائزہ لینا تھا۔ یہ اجلاس سکیورٹی تعاون کے بارے میں شنگھائی تعاون کے ممبر ممالک کے اتفاق کو مزید مضبوط کرے گا اور سکیورٹی کے شعبے میں رکن ممالک کے درمیان تعاون کے لئے نئی تحریک پیدا کرے گا۔
چینی وزارت خارجہ