ہاکی فیڈریشن میں تنخوائوں کا مسئلہ، شہباز سینئر بول پڑے
لاہور(سپورٹس ڈیسک+سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ملازمین کی تنخواہوں کا مسئلہ طول پکڑ گیا ہے۔ پی ایچ ایف کے سیکریٹری شہباز سینئر کا کہنا ہے دو چار روز میں مسئلہ حل ہو جائے گا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ملازمین کو گزشتہ 3ماہ سے تنخواہیں نہیں ملی ، ملازمین کا کہنا ہے کہ پی ایچ ایف کے پاس فنڈز بھی ہیں لیکن تمام ملازمین کو واجبات ادا نہیں کیئے جا رہے جس کی وجہ سے مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض من پسند ملازمین کو تنخواہیں ادا کی جا رہی ہیں لیکن بیشتر ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیں۔سیکریٹری پی ایچ ایف شہباز سینئر کا کہنا ہے کہ مسئلہ جلد حل ہو جائے گا، تنخواہوں کی عدم ادائیگی سب ملازمین کا مسئلہ نہیںاور زیادہ تر ملازمین کو تنخواہیں مل رہی ہیں۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مالی مسائل بڑھ گئے، پی ایچ ایف ملازمین چار ماہ سے تنخواہ کے منتظر ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری پی ایچ ایف شہباز سینئر گزشتہ ہفتے آئندہ چار برس کیلئے پی ایچ ایف کے عہدیدار دوبارہ منتخب ہوئے تاہم ملازمین کی تنخواہیں ادا نہ کرنے کی وجہ سے تنقید کی زد میں آگئے ہیں۔ پی ایچ ایف ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن فنڈز ہونے کے باوجود ملازمین کو تنخواہ نہیں دے رہی اور منظور نظر ملازمین کو تمام تر مراعات دی جا رہی ہیں۔ ملازمین رمضان المبارک میں بھی بلوں کی ادائیگیاں اور دیگر اخراجات ادھار کرنے پر مجبورہیں جبکہ ملازمین کے غصے میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے کیونکہ صدر سیکرٹری نئی مدت کیلئے منتخب ہونے کے بعد گزشتہ کئی روز فیڈریشن کے دفتر بھی نہیں آئے۔