قومی اسمبلی: ارکان کی ’’عدم دلچسپی‘‘ مریم اورنگزیب کے سر پر ’’دست شفقت‘‘
قومی اسمبلی کا اجلاس دو روز کے وقفہ کے بعد شروع ہو ا تو ’’کورم ‘‘ کی نذر ہو گیا مجموعی طور قومی اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ تک جاری رہا جس میں سے 50منٹ تک اجلاس کی کارروائی معطل رہی ۔ موجودہ حکومت نے قومی اسمبلی کا اجلاس قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی آخر ی تاریخ تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا لیکن تمام تر کوشش کے باوجود ایوان کا کورم پورا رکھنے میں کامیاب نہیں ہوئی رمضان المبارک کی وجہ سے بیشتر ارکان اپنے حلقوں میں چلے گئے ہیں اس لئے پارلیمنٹ ہائوس میں ویرانی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے پورے اجلاس کی صدارت کی جب اجلاس شروع ہوا تو ایوان میں 36ارکان موجود تھے جب اجلاس برخواست ہو تو یہ تعداد 80تک پہنچ گئی لیکن کورم کے لئے87ارکان کی ضرورت ہوتی ہے قومی اسمبلی میں سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے بچوں سمیت تین خواتین اور امریکہ میں دہشتگرد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکہ شیخ کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کرائی گئی۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کے آغاز پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ سیالکوٹ میں ورکنگ بائونڈری پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے تین خواتین بچوں سمیت شہید ہوئی ہیں اس کے علاوہ امریکہ کی ریاست ٹیکساس میں دہشتگرد کی فائرنگ سے پاکستانی طالبہ سبیقہ شیخ بھی شہید ہوئی ہیں، حالانکہ دہشتگردی کا الزام پاکستان پر لگایا جاتا ہے مگر اس امریکی دہشت گردی کے نتیجے میں پاکستانی طالبہ بھی جاں بحق ہوئی ہیں۔ سپیکر کے کہنے پر مولانا گوہر شاہ نے مرحومین کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کرائی۔ ایوان میں وزراء کی تعداد بھی کم تھی تاہم چوہدری نثار علی خان بڑی دیر تک اپنی نشست پر بیٹھے رہے حکومتی ارکان چوہدری نثار علی خان سے ان کی نشست پر ملتے رہے بیگم طاہرہ اورنگ زیب چوہدری نثار علی خان کے پاس بیٹھی رہیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگ زیب آئیں تو چوہدری نثار علی خان نے ان کے سر پر دست شفقت رکھا یہ بات قابل ذکر ہے بیگم طاہرہ اورنگ زیب نے مسلم لیگی رہنما راحت قدوسی کے افطار ڈنر میں جہاں میاں نوازشریف اور میاں شہبازشریف کا نام لیا وہاں انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے مسلم لیگیوں کے سر پر چوہدری نثار علی خان کا سایہ ہے پارلیمنٹ کی غلام گردشوں میں تحریک انصاف کے پہلے 100دن کا پروگرام موضوع گفتگو بنا رہا۔ ارکان نے عدم دلچسپی دکھائی۔ مریم اورنگزیب کے سر پر دست شفقت کا ذکر کیاگیا ہے۔