• news

گڑھ مہاراجہ: مزید رقم نہ ملنے پر عطائی نے زچہ بچہ کی جان لے لی

گڑھ مہاراجہ (نامہ نگار) تھانہ احمد پور سیال کے نجی کلینک پر عطائی سرجن نے زچہ بچہ کی جان لے لی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق احمدپورسیال کا نواحی علاقہ چک علی آباد کا محمد اشرف واگھہ نے تھانہ میں دی گئی درخواست میں الزام عائد کیا ہے کہ سائل کی بیوی مسماۃ ممتاز مائی جو کہ نو ماہ کی حاملہ تھی الٹرا سائونڈ کے لئے محلہ نجف آباد میں قائم ڈاکٹر آسیہ عمران کے نجی کلینک پر لایا۔ موقع پر موجود ڈاکٹر محمد عمران نے کہا کہ میں سرجن ہوں، ڈلیوری آپریشن کے ذریعے کر دیتا ہوں۔ 20 ہزار فیس طے کرنے کے بعد دس ہزار روپے ہم سے لے لئے بقیہ رقم کی مہلت مانگی اس دوران ڈاکٹر عمران نے میری بیوی کو بوتل اور ٹیکہ لگایا، ہم سے بقایا رقم کا تقاضا کیا، مریضہ کی حالت بگڑتی گئی ایڈوانس بقایا رقم نہ ملنے پر مریضہ کا علاج نہ کیا گیا جو کہ چھ گھنٹے موت و حیات کی کشمکش میں تڑپتے جان کی بازی ہارگئی، نومولود بچہ بھی موت کے منہ میں چلا گیا۔ اطلاع ملتے ہی ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر احمد پور سیال ڈاکٹر محمد قاسم نے مقامی پولیس کے ہمراہ نعش کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کروایا۔ اس دوران نجی کلینک کے اہلکار محمد کاشف کو حراست میں لے لیا بقیہ ملزمان فرار ہو گئے۔ پولیس تھانہ احمد پور سیال نے شوہر کی مدعیت میں ڈاکٹر محمد عمران اور اقراء سمیت تین ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

ای پیپر-دی نیشن