• news

عوام مسائل کا حل چاہتے ہیں: حمزہ شہباز، سابق ایم پی اے ذوالفقار بھنڈر مسلم لیگ (ن) میں شامل

لاہور/ کامونکے/ قلعہ دیدار سنگھ (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگاران) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز سے سابق ایم این اے اور این اے 99 سے 2013 میں پی ٹی آئی کے امیدوار قومی اسمبلی چوہدری ذوالفقار علی بھنڈرنے ملاقات کی اور اپنے تمام ساتھیوں سمیت میاں محمد نوازشریف اور میاں محمد شہباز شریف کی قیادت پر غیر مشروط اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ ممبران پنجاب اسمبلی چوہدری محمد اقبال گجر، قیصر اقبال سندھو اور چوہدری رانا اختر کے علاوہ صوبائی وزیر بلدیات منشاء اللہ بٹ اور چیئر مین بلدیہ کامونکی چوہدری سجاد خان بھی ملاقات میں موجود تھے۔ اس موقع پر حمزہ شہباز نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گزشتہ 5 برسوں میں نیک نیتی سے ملک و قوم کی خدمت کی ہے جس کا واضح ثبوت اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے کی رپورٹ اور غیر جانبدارانہ طور پر سامنے آنے والے سروے ہیںجن میں پنجاب حکومت کی شاندار کارکردگی کا برملا اعتراف کیا گیا ہے۔ حمزہ شہباز نے کہاکہ عوام صرف نعرے اور وعدے نہیں عملی اقدامات اور اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کے ووٹ بنک میں 2013 کی نسبت نمایاں اضافہ ہواہے اور انشاء اللہ 2018کے عام انتخابات میں اس امر کا واضح فیصلہ ہوگا کہ عوام کا مینڈیٹ کس کے حق میںہے۔ حمزہ شہباز نے چوہدری ذوالفقار علی بھنڈر اور انکے ساتھیوں کا مسلم لیگ(ن) میں شمولیت پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ عام انتخابات میں پنجاب اور وفاق کے علاوہ صوبہ کے پی کے میںبھی مسلم لیگ (ن) ہی برسراقتدار آئے گی اور ملک بھر میں ترقی و خوشحالی کا یکساں دور شروع ہو گا۔ سابق رکن صوبائی اسمبلی ذوالفقارعلی بھنڈرجو کہ کچھ عرصہ قبل پیپلز پارٹی چھوڑ کر تحریک انصاف کے پلیٹ فارم میں داخل ہوئے تھے این اے 83کا الیکشن لڑنے کے خواہاں تھے مگر چندروز قبل سابق وفاقی وزیر رانا نذیر احمد خاں نے اپنے بیٹوں رانا عمر نذیر خاں ایم این اے مسلم لیگ (ن) اور وائس چیئرمین ضلع گوجرانوالہ سمیت تحریک انصاف میں اچانک انٹری کرکے ان کے آگے دیوار کھڑی کردی جس کے بعد ذوالفقارعلی بھنڈر گذشتہ روز مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے۔ اس موقع پر حمزہ شہباز شریف، ایم پی اے چوہدری اخترعلی خاں ،ایم پی اے چوہدری قیصر اقبال سندھو،چیئرمین میونسپل کمیٹی چوہدری سجاداحمدخاں، چوہدری سعید احمد بھنڈر اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دریں اثناء قلعہ دیدار سنگھ سے سابق وفاقی سیکرٹری مواصلات اُمیدوار این اے 79چوہدری ساجد حسین چٹھہ نے سینکڑوں ساتھیوں سمیت (ن) لیگ میں شمولیت کا اعلان کر دیا اور مکمل حمایت کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگی اعلیٰ قیادت سے ملاقات ہوئی ہے، حلقہ میں پہلے بھی ضمنی الیکشن اور لوکل گورنمنٹ کے الیکشن میں (ن) لیگ کا مکمل طور پر ساتھ دیا تھا اور کامیاب کروایا تھا، اب بھی اعلی قیادت جس کے سر پرحلقہ این اے 79 کیلئے ایم این اے کیلئے پگ رکھے گی اس کا دل وجان سے ساتھ دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن