وینزویلا سے 2 امریکی سفارتکار بیدخل‘واشنگٹن آج نکالے گا
واشنگٹن(آن لائن+اے ایف پی) وینزویلا اور امریکہ میں کشیدگی بڑھ گئی۔ وینزویلا نے امریکی ناظم الامور ٹوڈ رابنسن اور ڈپٹی ہیڈ آف کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیکر 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا جبکہ امریکہ نے بھی آج وینزویلین سفارتکاروں کو نکالنے کا اعلان کر دیا۔ امریکہ نے اسے شرمناک قرار دیا ہے۔امریکا نے وینزویلا کیخلاف اقتصادی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔گزشتہ روز ترجمان وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک انتظامی حکم نامے پر دستخط کئے ہیں،جس کے تحت وینزویلا سے تیل کی تمام ترسیلات بند کردی گئی ہیں،حکم نامے سے بدعنوانی کا ایک اور راستہ بند ہوگیا ہے۔اس حکم نامے سے وینزویلا کے بدعنوان عہدے دار مالی فوائد حاصل کرنے کیلئے قومی اثاثوں کو فروخت اور ان کے غلط استعمال کرنے کے قابل نہیں رہیں گے۔دوسری جانب وزیر خارجہ مائک پومپیو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نکولس مادورو کا دوسری بار منتخب ہونا،ملک کے آئینی حکم نامے پر حملہ اور وینزویلا کی جمہوری روایات سے متصادم ہے،جب تک مادورو انتظامیہ آزاد،شفاف اور منصفانہ انتخابات کے ذریعے جمہوریت کا راستہ اختیار نہیں کرتی تب تک انہیں عالمی برادری کی جانب سے تنہائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔