دھرنوں کے پیچھے ظہیر الاسلام تھے تو جواب دینا ہو گا : وزیراعظم
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کہا ہے کہ نوازشریف نے دھرنے سے متعلق بیان عدالت میں دیا، دھرنے سے متعلق باتیں پہلے بھی سامنے آتی رہی ہیں۔ تمام معاملات کے حقائق عوام کے سامنے آنے چاہئیں، دھرنوں کے پیچھے جنرل ظہیر الاسلام تھے تو انہیں جواب دینا ہو گا۔ ہو سکتا ہے عمران خان نے ظہیر الاسلام سے ملاقات کی ہو۔ دھرنوں کے پیچھے کون تھا، کیا عزائم تھے، سب سامنے آنا چاہئے۔ اس ملک میں کیا کچھ ہوا، سب عوام کے سامنے لانا ہو گا۔ اگلی حکومت کسی کی بھی آئے، تمام معاملات کی تحقیقات کرے۔ بدقسمتی سے ہم نے ماضی کی غلطیوں سے سبق نہیں سیکھا۔ معاملات آئین کے مطابق حل ہوتے ہیں۔ چیئرمین نیب کا جوڈیشل کونسل سے کوئی تعلق نہیں۔ ہر ادارے کو آئین کے مطابق اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ چیف جسٹس سے ملاقات میں اپنے خدشات سامنے رکھے، چیف جسٹس نے کچھ باتیں مجھ سے کیں۔ نیب کے عمل سے ملک کا بے پناہ نقصان ہو رہا ہے۔ نیب کے کام سے حکومت مفلوج ہو رہی ہے، چیف جسٹس کے ساتھ تمام ایشوز پر کھل کر بات ہوئی۔ بہت سی ملاقاتیں منظر عام پر نہیں آئیں۔ ہر ادارے اور شخص کو آئین کے مطابق کردار ادا کرنا چاہئے۔ ایون فیلڈ سے متعلق نوازشریف اور ان کے وکیل جواب دے رہے ہیں۔ نوازشریف کیخلاف پانامہ سو فیصد سیاسی مقدمہ تھا۔ انصاف ہوتا نظر آنا چاہئے۔ ایون فیلڈ نوازشریف کی ملکیت نہیں، اوورسیز کمپنی رکھنا کوئی غیرقانونی نہیں، چور راستے سے کوئی آیا تو وہ خود نتیجہ بھگتے گا۔ ن لیگ کوئی جیل نہیں جسے جانا ہے چلا جائے۔ این ایس سی کا اجلاس فوج نے نہیں بلایا۔ اجلاس میں نوازشریف کے انٹرویو پر بات ہوئی۔ نوازشریف کی بات کو غلط انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔ نوازشریف کے انٹرویو سے متعلق بالکل غلط تاثر پھیلا۔ نوازشریف آج بھی اپنے بیان پر قائم ہیں۔ نوازشریف نے ملک مخالف کوئی بات نہیں کی۔ الیکشن وقت پر ہوں گے۔ نوازشریف کیلئے انصاف ہوتا ہوا نظر نہیں آ رہا۔ کوشش ہے فاٹا کا خیبر پی کے میں انضمام ہو جائے۔ پارٹی چھوڑنے والوں کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں، نگران وزیراعظم کا فیصلہ جمعرات کو ہو جائے گا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پشاور میں باچا خان ائرپورٹ کی تزین و آرائش کی تقریب سے خطاب کرتے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پشاور کو عالمی معیار کا ائرپورٹ بنا دیا۔ لاہور ائرپورٹ کی توسیع پر 500ملین ڈالر کی لاگت سے کام جاری ہے۔ موجودہ حکومت 6فیصد اقتصادی شرح نمو حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے 78کروڑ روپے کی لاگت سے جمرود میں 132کے وی گرڈ سٹیشن کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم صرف وعدے نہیں کام کرکے دکھاتے ہیں۔ فاٹا میں راہداری ٹیکس ختم کر دیا۔ وسطی ایشیا سے زمینی رابطے کیلئے پشاور تا کابل موٹروے بنائیں گے۔ دریں اثناءوزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے وزیر مملکت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت اور چیئرپرسن وزیراعظم یوتھ پروگرام لیلیٰ خان کے ہمراہ وزیراعظم یوتھ ٹریننگ سکیم کے انٹرنیز نے بدھ کو وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نوجوان گریجویٹس کے جذبہ کو قابل تحسین قرار دیا۔ مزید برآں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ملائیشیائی ہم منصب ڈاکٹر مہاتیر محمد کو ٹیلیفون کیا اور انہیں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے ملائیشیا میں انتخابات کے پرامن انعقاد اور اقتدار کی خوش اسلوبی سے منتقلی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے ملیشیائی قوم کی پختگی کی عکاسی ہوتی ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے جموں و کشمیر اور فلسطین سمیت مسلم امہ کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا اور ڈاکٹر مہاتیر محمد کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد نے نیک خواہشات پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور وسعت دینے کے اپنے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم