فلسطینی مظاہرین پرتشدد کی تحقیقات کرائی جائے :یورپی یونین، مظالم امن کیلئے تباہ کن ہیں :اقوام متحدہ
قاہرہ‘ برسلز‘ غزہ (اے ایف پی‘ ایجنسیاں)یورپی یونین نے شمالی فلسطین کے شہر حیفا میں اسرائیلی پولیس کے پرامن مظاہرین پر وحشیانہ تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے مظاہرین پر تشدد کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔یورپی یونین کے خارجہ امور کے ترجمان نے برسلز میں ایک بیان میں کہا کہ حیفا شہر میں اسرائیلی پولیس نے پرامن مظاہرین پر ہولناک تشدد کیا اور انسانی حقوق کی پامالی کی گئی۔ انسانی حقوق کے دفاع کے لیے پرامن مظاہرے کرنے والوں پراسرائیلی پولیس کا تشدد خود انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکام نے انسانی حقوق کے مندوب عمر شاکر کا پاسپورٹ منسوخ کیا حالانکہ وہ انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کے فلسطین میں مندوب ہیں۔ادھرفلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کے لیے قائم اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورک ایجنسی اونروا کے ہائی کمشنر نے غزہ میں اسرائیلی فوج کے پرتشدد حملوں اور علاقے پر اسرائیل کی مسلط کردہ ناکہ بندی کو علاقائی امن کے لیے تباہ کن قرار دیدیا۔ اونروا کے سربراہ پییر کرین پول نے غزہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ 30 مارچ 2018 کے بعد غزہ میں پیدا ہونے والے حالات کے بارے میں عالمی برادری بے خبر ہے، دنیا کو کوئی خبر نہیں کہ تیس مارچ کے بعد غزہ میں کیا کچھ ہو رہا ہے، غزہ میں انسانی بنیادوں پر شہریوں سے سلوک نہ کرنے سے خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ عرب لیگ نے اسرائیلی جیل میں صہیونی تفتیش کاروں کے وحشیانہ تشدد سے ایک معمر فلسطینی شہری کے وحشیانہ تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کی فوری تحقیقات اور قصورواروں کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے غزہ میں حماس کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ اسرائیلی اخبار ہارٹز نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل کے چلڈرن ہسپتالوں اور زچہ وبچہ مراکز میں لانے والی عرب خواتین کے ساتھ کھلم کھلا امتیازی سلوک کیاجاتا ہے۔اخباری رپورٹ میں اسرائیل کے چار زچہ وبچہ ہسپتالوں کا تذکرہ کیا گیا ہے جہاں پر فلسطینی عرب خواتین کے ساتھ نسل پرستی کا سلوک کیا جاتا ہے‘لوٹ مار کے مراکز بن چکے ہیں۔اخباری رپورٹ کے مطابق حال ہی میں چار فلسطینی خواتین نے اسرائیلی ہسپتالوں کے خلاف نسل پرستی کا مقدمہ درج کرایا ہے۔ انہوں نے عدالت سے مطالبہ کیاہے وہ چاروں کو فی کس 6000ڈالر کے مساوی رقم ہسپتالوں سے ہرجانہ دلوائے جوان کے زچکی کیسز میں مجرمانہ لاپرواہی کے ساتھ نسل پرستی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ اسرائیلی رکن کنیسٹ کا کہنا ہے کہ عرب خواتین کو زیادہ بچنے جنم دینے کا حق نہیں۔دوسری جانب عرب رکن کنیسٹ یوسف جبارین نے ہسپتالوں میں عرب اور یہودی خواتین کے ساتھ برتے جانے والے امتیازی سلوک کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیل کے مسلط کردہ محاصرے کو توڑنے کیلئے یورپی ممالک کیامدادی قافلے منزل کی جانب روانہ ہوگئے ہیں۔ امدادی قافلے کا آغاز سویڈن سے کیا گیا ہے۔ فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق منصفانہ مستقل فلسطینیوں کا حق کے عنوان سے یہ امدادی مشن چند روز قبل چار بحری جہازوں کے ساتھ امدادی سامان لے کر سویڈن کی گیٹبرگ بندرگاہ سے عالمی پانیوں میں داخل ہوا۔ ڈنمارک کے شہر کوپن ہیگن سے اس قافلے نے فریڈم فلوٹیلا کی شکل اختیار کی ہے اور کئی یورپی ملکوں کی بندرگاہوں سے گزر کر غزہ پہنچے گا۔اخباری رپورٹ کے مطابق غزہ کی ناکہ بندی توڑنے کے لیے آنے والے امدادی قافلے میں سیکڑوں انسانی حقوق کارکن، سیاسی اور سماجی رہنما اور یکجہت کار شامل ہیںاسرائیلی عدالت نے غزہ کی پٹی سے تعلق رکھنے والے دو فلسطینی قیدیوں پر کاغذی جہاز تیار کرنے کے الزام میں فرد جرم عائد کردی ۔ اسرائیلی حکام نے کہا کہ ملزمان کے تیار کردہ کاغذی جہازوں نے سرحدکی دوسری طرف زرعی کھیتوں میں آگ لگا دی جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر فصلیں نذرآتش ہوگئی تھیں۔