• news

نگران وزیراعظم‘ اب شاہد خاقان سے ملاقات نہیں ہو گی‘ خورشید شاہ : چوتھے نام پر آج یا کل بات ہو گی : وزیراعظم

اسلام آباد(ایجنسیاں+نوائے وقت رپورٹ ) نگران وزیراعظم کے حوالے سے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات منسوخ ہوگئی ہے۔ خورشید شاہ نے کہا ہے کہ معاملے پر شاہد خاقان عباسی سے اب کوئی ملاقات اور کوئی بات نہیں ہو گی ۔ شاہد خاقان عباسی نگران وزیراعظم کے ناموں کے معاملے پر اپنی بات سے پھر گئے ہیں۔ ہمیں کہا گیا کہ ججز کو نگران وزیراعظم کے نام میں شامل نہیں کیا جائے گا، ہم ججز کے نام دینا چاہتے تھے لیکن نہیں دئیے، اب ہوسکتا ہے پارٹی مشاورت کے بعد پارلیمانی کمیٹی کے لئے 2 نام سپیکر قومی اسمبلی کو بھجوادوں گا، پیپلز پارٹی کی طرف سے نوید قمر اور شیری رحمن پارلیمانی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔علاوہ ازیں پیپلزپارٹی کا اہم اجلاس آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی مشترکہ صدارت میں ہوا۔ خورشید شاہ نے نگران وزیراعظم کے معاملے پر اجلاس کو بریفنگ دی اور حکومتی مو¿قف سے آگاہ کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اجلاس میں نگران وزیراعظم کے معاملے پر غور کیا گیا۔ قانونی طور پر 28یا 29 تاریخ تک نگران وزیراعظم پر اتفاق رائے ضروری ہے۔ نگران وزیراعظم کے معاملے پر وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔ ابھی ہمارے پاس 28مئی تک کا وقت ہے، کوشش ہے معاملہ افہام وتفہیم سے حل ہو جائے گا تاہم ابھی تک پیش رفت نہیں ہوسکی۔ کوشش ہوگی معاملہ پارلیمنٹ میں حل کرلیا جائے۔ حکومت اور ہمارے درمیان ناموں پر اتفاق نہیں ہوا۔ وزیراعظم نے اپوزیشن کا نام تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ تحریک انصاف سے بھی رابطے میں ہیں، تحریک انصاف نے میڈیا کے ذریعے نام ہم تک پہنچائے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ہمارے اور اپوزیشن کے تین‘ تین ناموں پر اتفاق نہیں ہوا‘ چوتھے نام پر آج یا کل بات کریں گے۔
نگران وزیراعظم

ای پیپر-دی نیشن