ڈاکٹر رخسانہ قمر صدر انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل سٹڈی تعینا ت کردی گئیں
اسلام آباد(خبر نگار)وفاقی حکومت نے بیوروکریسی میں جمعرات کو بھی وسیع پیمانے پر تقرروتبادلوں کے احکامات جاری کئے ہیں جن کے مطابق وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام کے تحت نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ میںتعینات ایگزیکٹو ڈائریکٹر ناصر اے نقوی کو ایم پی ون سکیل میں 21 ستمبر 2017سے ایک سال کی توسیع دے دی ہے،اسی طرح سے وزارت اطلاعات و نشریات کے تحت انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل سٹڈی میں ڈاکٹر رخسانہ قمر کو ایم پی ون سکیل میں دوسال کے لئے صدر تعینات کیا ہے۔ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گروپ(پاس)کے گریڈ اکیس کے او ایس ڈی علی ذوالنورین شیخ کی خدمات انٹیلی جنس بیوروکے حوالے کر دی ہیں۔ زرک مرزاکو 26ستمبر18سے دو سال کی ایکس پاکستان رخصت دے دی ہے۔ فرنٹئیر کانسٹیبلری میں تعینات کفایت اللہ کی خدمات حکومت خیبر پختونخوا کے حوالے کر دی گئی ہیں ۔ سندھ میں تعینات زین علی شیخ کی خدمات ایف آئی اے کے سپرد کر دی ہیں۔ کے پی کے میں تعینات ارم عباسی کی خدمات نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ میاں محمد ممتاز حیات مانیکا کی خدمات حکومت پنجاب کے حوالے اور صبیح حسین کو 7 جون 2018سے 21یوم کی ایکس پاکستان رخصت دے دی گئی ہے۔