بلوں کی عدم ادائیگی پر کوٹ لکھپت جیل، پنجاب اسمبلی ہال، ڈینٹل کالج دیگر دفاتر کی بجلی منقطع
لاہور(نیوزرپورٹر)لیسکونے بجلی نادہندگان کے خلاف سخت اقدامات کا آغاز کرتے ہوئے کوٹ لکھپت جیل ، پنجاب اسمبلی ہال، پنجاب کو آپریٹوبورڈ، دفتر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریجنل پاسپورٹ ، ڈی جی ہیلتھ، ڈینٹل کالج،دفتر ٹی ایم اے عزیز بھٹی، اے آئی جی فنانس پولیس، اور ایریگیشن سمیت متعدد ذیلی دفاتر کی بجلی منقطع کی گئی۔چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے بتایا کہ ایسے تمام بجلی نادہندہ گورنمنٹ اداروںکی بجلی منقطع کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے جو لیسکو کے نادہندہ ہیں اور جن کے ذمے لیسکو کی کروڑوں کی رقم واجب الادا ہے۔ چیف ایگزیکٹو نے شعبہ آپریشن کے تمام افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ لاہور سمیت ریجن بھر میں ڈیڈ ڈیفالٹرز کے خلاف بھرپور ایکشن کیا جائے اور تمام نادہندگان سے بقایا جات کی وصولی کوہر صورت یقینی بنایا جائے اور ان کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کوٹ لکھپت جیل کے ذمے بجلی بلوں کی مد میں 62 ملین سے زائد، دفتر ٹی ایم اے عزیز بھٹی 13ملین سے زائد جبکہ اے آئی جی فنانس پولیس کے ذمے سات لاکھ بارہ ہزار کی رقم واجب الادا ہے۔