• news

بجلی پیدا کرنے کیلئے نئے ذرائع تلاش کرنا بہت ضروری ہے:ملک طاہر

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے کہا ہے کہ اگر توانائی کی پیداوار کے لیے موجودہ ذرائع پر انحصار جاری رکھا گیا تو مستقبل میں مزید سنگین بحران کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے لہذا یہ ضروری ہے کہ بجلی پیدا کرنے کے لیے نئے راستے تلاش کیے جائیں۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ توانائی کی ضروریات بہت تیزی سے بڑھ رہی ہیں لہذا ہمیں اپنے مستقبل کے لیے آج منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بائیو ماس توانائی کے حصول کا ایک ایسا ذریعہ ہے جس سے نہ صرف توانائی کی قلت کے مسئلے پر قابو پایا جاسکتا ہے بلکہ ماحولیاتی آلودگی کے مسائل سے بھی بچا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بائیوماس ٹیکنالوجی کے ذریعے کوڑے کرکٹ سے وافر توانائی پیدا کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران کی وجہ سے معیشت کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے لہذا اس بحران پر قابو پانے کے لیے جدید طریقے اپنانا ہوںگے۔

ای پیپر-دی نیشن