رواں مالی سال 3900 ارب کا ٹارگٹ حاصل کیا جائے گا: ہارون اختر
لاہور (خبرنگار) وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے ریونیو ڈویژن ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ رواں مالی سال میں 3900 ارب کا ریونیو ٹارگٹ حاصل کیا جائے گا۔ پاکستان کسٹم اس وقت خطے کا بہترین کسٹم ڈیپارٹمنٹ ہے۔ ایف بی آر ایسی آرگنائزیشن بن رہی ہے جس کا امیج بہت بہتر ہو رہا ہے۔ اگر بہتری کا یہ عمل جاری رہا تو آنے والے وقت میں 6فیصد گروتھ کا ٹارگٹ حاصل ہوسکے گا اور پاکستان کو بیرون ملک سے قرضے حاصل کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ وہ گزشتہ روز الوداعی ملاقاتوں کے سلسلہ میں لاہور کسٹم کلیکٹوریٹ بلڈنگ میں کسٹم افسران سے خطاب کر رہے تھے۔ مشیر ریونیو نے کہا کہ قانون کے سخت نفاذ کے باوجود پاکستان میں کہیں دکانیں بند اور ہڑتال نہیں ہوئی لیکن اسی کیلئے لوگوں کو عزت دی۔ انہوں نے کہا جن افسران نے محنت کی انہیں اس کا انعام بھی ملا اور ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ٹیکس ادا کرنے والوں کی ذہنیت تبدیل کرنا ہے۔ انہیں بتانا ہے کہ آپ تجارت کریں‘ صنعتیں لگائیں‘ ترقی کریں‘ پیسہ کمائیں مگر ٹیکس ضرور ادا کریں۔