• news

فاٹا انضمام: خیبر پی کے اسمبلی کا خصوصی اجلاس آج ہوگا، جے یو آئی (ف) دھرنا دیگی، پاٹا سے ارکان صوبائی اسمبلی کے بھی تحفظات

پشاور(آئی این پی + بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) فاٹا اصلاحات کی منظوری کیلئے خیبرپی کے اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا۔ وزیراعلی کے ترجمان شوکت یوسفزئی کے مطابق فاٹا اصلاحات ایک تاریخی فیصلہ ہے اور اسے دو تہائی اکثریت سے منظور کرایا جائیگا۔ اجلاس (آج) اتوار کو سہ پہر 2 بجے ہوگا۔ 31 ترمیم کی منظوری لی جائیگی۔ فاٹا اصلاحات کی منظوری کیلئے اسکے حمایتی جماعتوں نے تمام ارکان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔واضح رہے فاٹا اصلاحات قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد سینٹ اور خیبر پی کے اسمبلی سے بھی منظور کرائی جائیں گی۔دریں اثنا جے یو آئی (ف) نے اس موقع پر فاٹا کے خیبر پی کے میں انضمام کیخلاف آج صوبائی اسمبلی کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان اور خیبر پی کے اسمبلی میں انضمام کے بل کی منظوری پر احتجاجی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں فاٹا کے خیبر پی کے میں انضمام کے آخری مرحلے میں ایک رکاوٹ سامنے آگئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق جے یو آئی (ف) کے بعد اب پاٹا سے منتخب ارکان صوبائی اسمبلی بھی آئینی ترمیم سے مطمئن نہیں۔ صوبائی حکومت نے ان ارکان کو منانے کیلئے ہنگامی رابطے شروع کردئیے ہیں۔ مالاکنڈ ڈویژن کے 24 ارکان اسمبلی نے بل کے متن پر تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ بل میں فاٹا کے ساتھ پاٹا کو شامل کرنا زیادتی ہے۔ اگر حکومت پاٹا کی حیثیت تبدیل کرنا چاہت یہے تو پیکیج کا اعلان کرے۔ پاٹا کے معاملے پر وفاقی وزیر قانون سے شوکت یوسفزئی نے ملاقات کی اور مشکلات سے آگاہ کیا جس پر وفاق نے حل کی یقین دہانی کرائی ہے۔
خیبر پی کے اسمبلی

ای پیپر-دی نیشن