• news

پاکستان زرداری کی لوٹ مار‘ خان کے دھرنوں کیلئے نہیں بنا‘ نیب آئینی ادارہ جسے چاہے بلاسکتا ہے : شہبازشریف

لاہور‘ مظفر گڑھ (خصوصی رپورٹر‘نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے رجب طیب اردگان ہسپتال مظفر گڑھ کے توسیعی منصوبے کا افتتاح کیا۔ رجب طیب اردگان ہسپتال مظفر گڑھ کو ایک ارب 80 کروڑ روپے کی لاگت سے 140 سے 380 بیڈز تک توسیع دی گئی ہے۔ شہبازشریف نے کہا کہ رجب طیب اردگان ہسپتال مظفر گڑھ پاکستان کے ساتھ ترکی کی محبت کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔ جنوبی پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کے ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں کی ملک کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ یو این ڈی پی کی طرف سے جنوبی پنجاب کو خیبر پی کے سے بہتر قرار دینا اعتماد کا اعتراف ہے ، اللہ تعالی کا شکر بجا لاتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے دورحکومت میں جنوبی پنجاب کی ترقی ایک مثال بن چکی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے صحت کے شعبہ میں حقیقی انقلاب برپا کر دیا ہے اور پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولتوں کو بہتر کیا گیا ہے۔ عوام کو سرکاری ہسپتالوں میں اعلیٰ معیار کی ادویات مفت مل رہی ہیں۔ لوگ جھولیا ںاٹھا کر دعائیں دے رہے ہیں، یہی میرا اور میری ٹیم کا سرمایہ حیات ہے۔ سیکرٹری صحت علی جان کا شمار محنتی، ایماندار اور خدا ترس افسران میں ہوتا ہے۔ وہ آج یہاں موجود نہیں کیونکہ انہیں نیب نے طلب کر رکھا ہے۔ نیب آئینی ادارہ ہے، اس نے مجھے بھی بلایا ہے اور دوبارہ بھی بلایا جا سکتا ہے کیونکہ ہمیں قانون کے آگے سر جھکانا ہے اور قومیں وہی بنتی ہیں جو قانون کی حکمرانی کو تسلیم کرتی ہیں۔ نیب کسی کو بھی بلا سکتا ہے۔ جنوبی خطے کے عوام سوچتے تھے کہ کیا پاکستان صرف لاہور ، کراچی اور اسلام آباد ہے ؟ کیا جنوبی پنجاب ملک کا حصہ نہیں ہے ؟ ہم نے آپ کی اس سوچ کو بدل دیا ہے۔ جنوبی پنجاب کی محرومی کا ڈھنڈورا پیٹنے والے سیاسی بصیرت سے عاری ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے بے مثال اقدامات کئے ہیں اور اللہ تعالی نے موقع دیا تو اگلے پانچ سالوں میں جنوبی پنجاب کو ترقی کے لحاظ سے وسطی پنجاب کے مقابلے میں لا کھڑا کروں گا اور دور جدید کی تمام سہولتوں سے مزین کریں گے۔ انہوںنے شہر سلطان میں یونیورسٹی کے کیمپس کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے توانائی بحران کے خاتمے کیلئے بھی عملی اقدامات کئے۔ 2013ءمیں ملک کو بدترین لوڈ شیڈنگ کاسامنا تھا اور بجلی جاتی تھی تو آتی نہیں تھی۔ آج اللہ تعالی کے فضل و کرم سے سحری ، افطاری اور تراویح میں عوام کو بجلی مل رہی ہے اور یہ محمد نواز شریف کی قیادت میں شب و روز محنت کا نتیجہ ہے۔ گزشتہ پانچ سالوں میں مجموعی طور پر گیارہ ہزار میگا واٹ بجلی کے منصوبے لگائے ہیں۔ دوسری جانب زرداری جو آج کل کرپشن کے خلاف بھاشن دیتے ہیں۔ ان کے دور میں توانائی کے منصوبوں کے نام پر کرپشن کی گئی۔ نندی پور کے منصوبے کی مشینری چار سال تک کراچی کی بندر گاہ پر سڑتی رہی۔ سپریم کورٹ نے لکھاکہ بابر اعوان نے اس منصوبے میں خیانت کی ہے۔ اسی طرح نیلم جہلم کا منصوبہ 20 سال تک رینگتا رہا اور اس پر پانچ ارب ڈالر خرچ ہوئے۔ پانچ ارب ڈالر یعنی ساڑھے پانچ سو ارب روپے جو پنجاب کے ترقیاتی سالانہ پروگرام کے مساوی ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ بیس سال کی مدت میں مکمل ہونے والے 980 میگاواٹ کے اس منصوبے میں اربوں روپے کی کرپشن ہوئی -اس سے بڑھ کر پاکستان کے عوام کے ساتھ ظلم اور زیادتی کیا ہو سکتی ہے - اسی ظلم کو ختم کرنے کیلئے دن رات محنت کرنا ہے۔ انہوںنے کہا کہ زرداری صاحب کہتے ہیں مرسو ں مرسوں سندھ نہ ڈیسوںلیکن میں کہتا ہوں کہ ان کا مطلب ہے مرسو ں مرسوں کام نہ کرسوں۔ پنجاب حکومت نے گیس کی بنیاد پر چار پاور پلانٹس لگائے ہیں جن سے پانچ ہزار میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے اور یہ منصوبے زرداری دور میں لگنے والے منصوبوں سے آدھی قیمت پر لگے ہیں۔ دوسری جانب عمران نیازی ہیں جنہوںنے پانچ سال تک دھرنے دیئے ، الزامات لگائے اور منفی سیاست کی۔ ایک دھیلے کا کام نہیں کیا۔ آج وہ دو نہیں ایک پاکستان کی بات کرتے ہیں - میں انہیں کہتا ہوں اگر یہ دیکھنا ہے تو مظفر گڑھ میں آئیں اور مظفر گڑھ کا ہسپتال دیکھیں جس نے امیر اور غریب کی تفریق مٹا دی ہے۔ ہم نے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں علامہ اقبال کے اس شعر کہ ! ایک ہی صف میں کھڑے ہوگئے محمود ایاز ....نہ کوئی بندہ رہا نہ کوئی بندہ نواز، کو لاگو کر دیا ہے۔ یہی قائد ؒ اور اقبال‘ کا پاکستان ہے۔ زرداری کے بارے میں بولنا بھی وقت کا ضیاع ہے۔ پاکستان زرداری کی لوٹ مار یا خان کے جھوٹے دھرنوں کے لئے نہیں بنایا گیا۔ شہبازشریف نے شجاع آباد کے قریب زیرتعمیر موٹر وے پر ٹریفک حادثے میں مزدوروں کے جاں بحق ہونے کے المناک واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
شہباز شریف

ای پیپر-دی نیشن