لوٹوں کو سبق سکھانے کیلئے بھرپور انتخابی مہم چلائی جائے‘ پارٹی کیساتھ وفادار کو ٹکٹ ملے گا : نوازشریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے لوٹوں کو سبق سکھانے کیلئے بھرپور انتخابی مہم چلائی جائے، پارٹی کے ساتھ وفادار رہنے والوں کو ٹکٹ ملے گا، پنجاب میں زیادہ سیٹیں جیتنے کی کوشش کی جائے گی۔ نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کا اہم اجلاس ہوا۔ سابق وزیر اعظم اورمسلم لیگ (ن ) کے قائد محمد نواز شریف کی زیر صدارت پارٹی رہنماﺅں کااہم مشاورتی اجلاس گزشتہ روز جاتی امرا میں منعقدہوا جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، ٹکٹوں کی تقسیم اور عوامی رابطہ مہم کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال اور آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئندہ عام انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے فارمولے پر گفتگو کی گئی جس کے تحت ٹکٹ کے لئے پارٹی سے وفاداری اہم ترین اصول قراردیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ نبھانے والوں کو ہی ٹکٹ جاری کیا جائے گا۔اجلاس میں انتخابات میں کامیابی کی حکمت عملی بارے بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا پنجاب میں زیادہ سے زیادہ سیٹیں جیتنے کی کوشش کی جائے گی۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا مسلم لیگ (ن) چھوڑ کر جانے والوں کے حلقوں میں مضبوط ترین امیدوار میدان میں اتارے جائیں گے اور ان حلقوں میں بھر پور انتخابی مہم بھی چلائی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا مسلم لیگ (ن) کی وفاقی اور صوبائی حکومت کی کارکردگی کو بھرپور طریقے سے عوام کے سامنے لایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیاگیا محمد نواز شریف عوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں 30مئی کو نوابشاہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے۔ اسی تناظر میں یکم جون کو ڈجکوٹ اور 8جون کو منڈی بہاﺅالدین میں ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا جس سے نواز شریف خطاب کریں گے۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کا کہنا تھامسلم لیگ (ن) اپنی شاندار کارکردگی کیساتھ انتخابی میدان میں اترے گی اور کامیابی حاصل کر ے گی۔ ملک اورقوم کی ترقی کےلئے دن رات کام کیا ہے اور انشا اللہ آئندہ بھی اس پر گامزن رہیں گے۔ دریں اثنا میاں نواز شریف سے رکن پنجاب اسمبلی ملک سیف الملوک اور ان کے صاحبزادے فیصل سیف کھوکھر نے ملاقات کی۔
نواز شریف